Al-Risala · November 1993 · page 57

دو منٹ کی بات

الرسالہ، نومبر ۱۹۹۳، صفحہ ۵۷

دو منٹ کی بات

لندن کی ایک ٹی وی کمپنی انسائٹ ٹیلی وژن (Insigh Television) کی ٹیم ۱۰ مارچ ۱۹۹۲ کو اسلامی مرکز میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ۱۲ منٹ کا ایک ویڈیو پروگرام ریکارڈ کر رہے ہیں۔ اس میں چھ آدمی دو منٹ کے لیے بولیں گے۔ یہ پروگرام ساری دنیا میں دکھایا جائے گا۔ ہر آدمی سے ایک سوال کیا جائے گا اور وہ صرف دو منٹ میں اس کا جواب دے گا۔ سوال یہ تھا : We are today a deeply divided society. To what principle of life should we turn, Hindus and Muslims and others, so that we can live in harmony? میں نے کہا کہ اس کا جواب بالکل سادہ ہے۔ ایک بچہ آپ سے پوچھے کہ مجھ کو گلاب کا پھول لینا ہے۔ لیکن گلاب کے پیڑ میں کانٹے بھی ہیں۔ پھر میں کیا کروں۔ آپ کہیں گے کہ تم کانٹے سے بچو اور اس کے پھول کو لے لو۔ یہی معاملہ انسان کا بھی ہے۔ انسان کے اندر بھی کانٹا اور پھول دونوں ہے۔ ایگو اس کا کانٹا ہے اور کانشنس اس کا پھول ہے۔ آپ انسان سے معاملہ کرتے ہوئے ایسا کریں کہ اس کے ایگو کو نہ چھیڑیں۔ آپ ہمیشہ اس کے کانشنس کو ٹچ کریں۔ اس کے بعد سماج میں ہر طرف ہارمنی ہی ہارمنی دکھائی دے گی۔

ہر آدمی کے اندر فطری طور پر دو فیکلٹی ہوتی ہے ۔ ۔۔۔۔۔ ایگو اور کانشنس۔ ایگو نفرت کا سورس ہے اور کانشنس محبت کا سورس۔ مگر دونوں ہی سوئی ہوئی حالت میں ہیں۔ یہ آپ کے اوپر ہے کہ آپ دونوں میں سے کس کو جگائیں۔ اگر آپ نے ایگو کو جگایا تو آپ کو اس سے نفرت اور دشمنی ملے گی ۔ اور اگر آپ نے کانشنس کو جگایا تو محبت اور دوستی آپ کے حصہ میں آئے گی۔

مدھیہ پردیش کے ایک ٹاؤن میں ہندوؤں کا جلوس نکلا۔ وہ چلتا ہوا مسلم ایریا میں آیا۔ یہاں مسجد کے امام سے جلوس والوں کی تکرار ہو گئی۔ کچھ مسلم نوجوانوں نے جلوس پر پتھر پھینکے اور پھر فرقہ وارانہ فساد ہو گیا۔ بعد کو امام صاحب کی سمجھ میں آیا کہ فساد کا سبب یہ تھا کہ جلوس پر پتھر پھینک کر جلوس والوں کے ایگو کو بھڑکا دیا گیا۔ انہوں نے طے کیا کہ اب جلوس نکلا تو وہ ان کے کانشنس کو جگائیں گے ۔ اگلے سال پھر اسی طرح ہندوؤں کا جلوس نکلا۔ جب وہ چلتا ہوا مسجد کے سامنے پہنچا تو امام صاحب پیشگی منصوبہ کے تحت پھولوں کا ہار لے کر باہر آئے۔ انہوں نے جلوس کے ہندو لیڈر سے کہا : ہم آپ کا سواگت کرتے ہیں۔ یہ کہہ کر انہوں نے پھولوں کا ہار لیڈر کے گلے میں ڈال دیا۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1993 All issues

Printed page