Al-Risala · May 1994 · page 11

ش کی تعمیر

الرسالہ، مئی ۱۹۹۴، صفحہ ۱۱

ش کی تعمیر

شکاگو (Chicago) امریکہ کا ایک شہر ہے۔ شکاگو کے لفظی معنی جنگلی پیاز (wild onion) کے ہیں۔ پہلے یہ شہر اپنی گندگی اور جرائم اور ناقص مکانات کے لیے مشہور تھا۔ اس لیے اس کا یہ نام پڑ گیا۔ آج شکاگو ایک اعلیٰ درجہ کا خوب صورت شہر ہے۔

شکاگو کی جدید تاریخ رچرڈ ڈیلی (Richard J. Daley) کی طرف منسوب ہے۔ وہ ۱۹۰۲ میں پیدا ہوا، ۱۹۷۶ میں اس کی وفات ہوئی۔ ۱۹۵۵ میں وہ شکاگو کا میئر منتخب ہوا، اور آخر عمر تک وہاں کا میئر رہا۔ میئر بننے کے بعد اس نے از سر نو شہر کا منصوبہ بنایا۔ اس نے قدیم شکاگو کو ہر اعتبار سے نیا شکاگو بنا دیا۔

رچرڈ ڈیلی کی کامیابی کا خاص راز یہ تھا کہ اس نے شکاگو کی تعمیر جدید کو وہاں کے باشندوں میں سے ہر ایک کا ذاتی مسئلہ بنا دیا۔ اس نے ہر ایک کے اندر یہ ذہن پیدا کیا کہ یہ کام مجھے کرنا ہے، اور میں ہی اس کو انجام دوں گا۔ اس نے شکاگو میں بسنے والے ہر ہر شخص کو یہ ماٹو دیا ۔ ۔۔۔۔۔۔ میں اس کو کروں گا :

I will do it.

کسی بڑے تعمیری کام کے لیے یہ صحیح ترین ماٹو ہے۔ ہر آدمی کے اندر یہ جذبہ ہونا چاہیے کہ جب وہ کسی معاملہ کو دیکھے تو وہ سمجھے کہ یہ میری ہی ذمہ داری ہے۔ یہ کام مجھ کو ہی انجام دینا ہے۔ اگر سوسائٹی کے ہر فرد کے اندر یہ جذبہ ابھر آئے تو اس کے بعد ہر منصوبہ کی تکمیل یقینی ہو جائے گی۔ شکاگو بظاہر ایک برا نام تھا۔ مگر اصل کام شہر کا نام بدلنا نہیں ہے بلکہ شہریوں کا مزاج بدلنا ہے۔ شہر کا نام بدلنا ایک بے نتیجہ کام ہے۔ لیکن اگر شہریوں کے مزاج کو بدل دیا جائے تو ایک تباہ حال شہر بھی ایک اچھا شہر بن جائے گا۔

دوسروں کے خلاف نعرہ سماج میں اکھڑ پچھاڑ پیدا کرتا ہے۔ اپنے لیے نعرہ سماج کو ترقیاتی سرگرمیوں کی طرف لے جاتا ہے۔ پہلے قسم کے نعرے سے لیڈر کی شخصیت بنتی ہے اور دوسری قسم کے نعرہ سے ملک بنتا ہے۔ پہلا نعرہ تخریب ہے اور دوسرا نعرہ تعمیر۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1994 All issues

Printed page