Al-Risala · February 1994 · page 32

گلبرگہ کا سفر

الرسالہ، فروری ۱۹۹۴، صفحہ ۳۲

ایک صاحب نے کہا کہ پہلے میں الرساله پڑھتا تھا ، اب میں نے الرساله کو پڑھنا چھوڑ دیا۔ میں نے پوچھا کہ کیوں چھوڑ دیا۔ انھوں نے کہا کہ الرساله تو بزدلی سکھاتا ہے۔ اس کا پیغام یہ ہے کہ کوئی اقدام نہ کرو ، بس چپ چاپ اپنی جگہ بیٹھے رہو۔ اس قسم کا شکست خوردہ نظریہ کیسے قبول کیا جاسکتا ہے۔ میں نے پوچھا کہ الرساله کو چھوڑنے کے بعد آپ نے کیا کیا بہادری کے کام کیے اور کون کون سے اقدامات کیے۔ وہ کوئی ایک بھی مثال نہ بتا سکے۔ میں نے کہا کہ آپ لوگ بہادری کی باتیں کرنے کو بہادری سمجھتے ہیں۔ حالانکہ بہادری کی باتیں کرنا اور بہادری کا عمل نہ کرنا بزدلی سے بھی زیادہ برا ہے۔ کیوں کہ وہ منافقت ہے۔ اور منافقت سے زیادہ بری چیز اللہ کے نزدیک اور کوئی نہیں۔ اسی قسم کے ایک اور سوال کے جواب میں میں نے کہا کہ آپ جیسے لوگ نفسیات کی اصطلاح میں ، دو قسمی سوچ (dichotomous thinking) کی کمزوری میں مبتلا ہیں۔ آپ کے پاس سوچنے کے لیے صرف دو لفظ ہے ، بزدلی اور بہادری ۔ آپ حقیقت کو صرف کالا اور سفید ، دوست اور دشمن ، اقدام اور بے عملی جیسی دو تقسیموں کا معاملہ سمجھتے ہیں۔ حالانکہ حقیقت اس سے زیادہ ہے کہ وہ اس قسم کی سادہ تقسیم میں سما سکے۔ علماء نفسیات بتاتے ہیں کہ اس طرح کی دو قسمی سوچ میں وہ لوگ مبتلا ہوتے ہیں جنھوں نے تخلیقی فکر کی صلاحیت اپنے اندر سے کھودی ہو۔ ایسی سوچ آدمی کی پستی کا ثبوت ہے نہ کہ بلندی کا ثبوت۔

میں نے کہا کہ اقدام یا ٹکراؤ کے بعد دوسری حالت صرف بے عملی اور پسپائی کی نہیں ہے۔ یہاں ایک اور حالت بھی موجود ہے اور وہ وقفہ تعمیر ہے۔ یعنی ٹکراؤ کو ختم کرکے اپنے لیے عمل کی مہلت حاصل کرنا۔ تاکہ اپنی کمیوں کو دور کرکے اپنی داخلی تیاری کو مکمل کیا جاسکے۔ اس قسم کی روش کا نام منصوبہ بندی ہے نہ کہ بزدلی۔

الرساله کی باتیں سادہ اور فطری ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آسانی کے ساتھ یاد ہو جاتی ہیں۔ چنانچہ اس کے قاری اکثر اس کی باتوں کو جگہ جگہ استعمال کرتے ہیں۔ ایک کارخانے کے مینجر صاحب نے بتایا کہ وہ اپنے کارخانے کے غیر مسلم کارکنوں کو اکثر الرساله کی باتیں بتاتے ہیں۔ وہ لوگ بہت تاثر کے ساتھ ان کو سنتے ہیں۔ ایک انجینئر صاحب اسی طرح اپنے ادارے کے آدمیوں کو الرساله کے اقوال سناتے رہتے ہیں۔ ایک صاحب نے ایک تربیتی اور اصلاحی ہینڈ بل دیا۔ اس کو چھاپ

‹ Previous page Next page › Contents of February 1994 All issues

Printed page