Al-Risala · May 1995 · page 14

جھوٹ کی بنیاد پر

الرسالہ، مئی ۱۹۹۵، صفحہ ۱۴

جھوٹ کی بنیاد پر

پراودا (Pravda) ایک روسی روزنامہ تھا۔ پراودا کے لفظی معنی سچ (truth) کے ہیں۔ روس کی کمیونسٹ پارٹی نے اشتراکی انقلاب (۱۹۱۷) سے کچھ پہلے ۱۹۱۲ میں اس کو ماسکو سے جاری کیا تھا۔ پراودا سابق سوویت روس کا سب سے زیادہ اہم اخبار سمجھا جاتا تھا۔ اس کا سرکولیشن گیارہ ملین کاپی روزانہ تھا۔ ابتدائی زمانہ میں اسٹالن اور لینن جیسے لوگ اس کے ایڈیٹر رہ چکے تھے۔ اس کے نامہ نگاروں کی تعداد چالیس ہزار سے زیادہ تھی۔

پراودا کے پاس بڑی بڑی جائدادیں تھیں۔ حکومت کی طرف سے اس کو ہر قسم کی غیر معمولی امداد ملتی تھی۔ سوویت یونین کے سقوط (۱۹۹۱) کے بعد اچانک ساری امداد بند کر دی گئی۔ اگست ۱۹۹۱ میں اس کی جائدادوں کو ضبط کر لیا گیا۔ اس کے بعد اخبار نا قابل عبور مالی مشکلات میں مبتلا ہو گیا۔ یہاں تک کہ ۴ مارچ ۱۹۹۲ کو وہ بند کر دیا گیا۔

پراودا کی ساری اہمیت اشتراکی نظام کے ساتھ وابستہ تھی۔ اشتراکی لیڈروں نے سوویت یونین کے نام سے ایک معاشی اور سیاسی جہنم بنا رکھا تھا۔ مگر پراودا اس کو برعکس طور پر معاشی اور سیاسی جنت کے روپ میں پیش کرتا تھا۔ یہی پراودا کی قیمت تھی جب اشتراکی جھوٹ کا طلسم ٹوٹ گیا تو اس کے بعد پراودا کے لئے یہ موقع بھی ختم ہو گیا کہ وہ اس جھوٹ کو سچ بتائے۔ یہی سنگین حقیقت تھی جس نے پراودا کا خاتمہ کر دیا۔

ایک مبصر (ٹائمس آف انڈیا (۱۹ مارچ ۱۹۹۲) نے سچائی کی موت (Truth is dead) کے زیر عنوان بجاطور پر لکھا تھا کہ اس پر تعجب نہیں کرنا چاہئے کہ اب وہ اس کو سخت مشکل پارہا ہے کہ وہ اس سچائی کا ماتم کرے جو اشتراکی روس کے بعد کے دور میں کوئی مقام نہیں رکھتی : No wonder, it now finds it difficult to face up to the truth that has no place in post-Communist Russia. دنیا کا یہی معاملہ آخرت میں بھی پیش آئے گا۔ بہت سے لوگ جو آج بظاہر سچائی کے علمبر دار بنے ہوئے ہیں، آخرت کا انقلاب آتے ہی ان کی حقیقت کھل جائے گی۔ اس کے بعد اچانک انھیں معلوم ہوگا کہ گیارہ ملین تو درکنار، گیارہ آدمی بھی ان کی نام نہاد سچائی کے خرید ار نہیں ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1995 All issues

Printed page