Al-Risala · December 1995 · page 23

جہانے را دگرگوں کرد یک مردے خود آگاہے

الرسالہ، دسمبر ۱۹۹۵، صفحہ ۲۳

اب سوال یہ ہے کہ اس واضح واقعہ کو باوجود مولانا امین احسن اصلاحی نے مذکورہ قسم کا بر عکس تاثر کیوں ظاہر کیا۔ اس کی سادہ سی وجہ نتیجہ اور عمل کا فرق نہ سمجھنا ہے۔ واقعات بتاتے ہیں کہ اقبال کے کلام نے بھر پور طور پر مسلمانوں کو متحرک کیا اور ان کے عمل کے راستہ پر ڈالا۔ البتہ اس عمل کا مطلوب نتیجہ امت کو نہیں ملا۔ مولانا اصلاحی اور ان کے جیسے لوگوں کی غلطی یہ ہے کہ وہ نتیجہ کے فقدان کو عمل کا فقدان قرار دے رہے ہیں۔

نتیجہ کے فقدان کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے نام سے اقبال کے خوابوں کا ملک بن گیا۔ مگر وہ ملتِ اسلام کی شوکت قائم کرنے میں ناکام رہا۔ مختلف ملکوں میں اقبال کے نوجوانوں نے شیری دکھائی۔ حتی کہ وہ بے خطرنمرود کی دہکائی ہوئی آگ میں کو دپڑے۔ مگر ان کی موت امت کو زندگی دینے کا سبب نہیں بنی۔ اقبال کی ضربِ کلیم اور بانگِ درا سے ہمالیائی شخصیتیں اور آفاقی تحریکیں وجود میں آئیں مگر وہ ملتِ مسلمہ کی تباہی میں اضافہ کے سوا کوئی اور کارنامہ انجام نہ دے سکیں۔ معلوم ہواکہ جو چیز مفقود ہے وہ نتیجہ عمل ہے نہ کہ خود عمل۔ اقبال کے پرستاروں کو چونکہ مطلوب نتیجہ دکھائی نہیں دیتا، اس لئے وہ غیر شعوری طور پر یہ سمجھ لیتے ہیں کہ عمل بھی ظہور میں نہیں آیا۔ حالاں کہ جہاں تک عمل کا تعلق ہے وہ مسلسل طور پر جاری ہے۔

اصل حقیقت یہ ہے کہ اقبال کی رہنمائی ہی درست نہ تھی۔ انھوں نے جس راستہ پر قوم کو دوڑایا وہ منزل کی طرف جانے والا راستہ ہی نہ تھا۔ اس لئے سوسال تک دوڑنے کے باوجود منزل بھی سامنے نہیں آئی۔

بر صغیر ہند کے مسلمانوں کے مسائل کا حل جغرافیہ کی تقسیم نہ تھا بلکہ خود مسلمانوں کو تعلیم و ترقی کے راستہ میں آگے بڑھانا تھا۔ یہاں کے مسلمانوں کو شہباز و شاہین سے لڑنا نہ تھا۔ بلکہ شہباز و شاہین کو دعوت حق کا مخاطب بنانا تھا۔ مسلمانانِ ہند کی ضرورت شاعرانہ حدّی خوانی نہیں تھی بلکہ یہ تھی کہ سنجیدہ نثر میں ان کے فکر وشعور کو تربیت دے کر انھیں زمانہ جدید کا شہری بنایا جائے۔ امت مسلمہ کے کرنے کا کام یہ نہ تھا کہ اپنے آپ کو الگ قوم اور دوسروں کو الگ قوم بتا کر علیحدہ جغرافی گوشہ میں سمٹ جائیں۔ بلکہ ان کے کرنے کا اصل کام یہ تھا کہ وہ ساری انسانیت کو ایک سمجھیں اور تمام قوموں کو ایک آفاقی تہذیب کے تحت لانے کی کوشش کریں۔

‹ Previous page Next page › Contents of December 1995 All issues

Printed page