Al-Risala · May 1996 · page 30

حق کی ادائیگی

الرسالہ، مئی ۱۹۹۶، صفحہ ۳۰

حق کی ادائیگی

البخاری میں روایت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ میں تین شخص کے خلاف قیامت میں مدعی بنوں گا۔ ان میں سے ایک وہ شخص ہے جس نے ایک آدمی کو اپنے یہاں مزدور رکھا اور اس سے پورا کام لیا مگر اس نے اس کی مزدوری نہیں دی (رجل استأجر اجیرا فاستوفی منہ ولم یعطه اجره (مشکاۃ المصابیح ۸۹۹/۲)

ابن ماجہ نے حضرت عبداللہ بن عمر سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اعطوا الاجیر اجره قبل ان یجف عرقہ (مزدور کو اس کی مزدوری دو، اس سے پہلے کہ اس کا پسینہ خشک ہو) مشکاۃ المصابیح ۹۰۰/۲ موجودہ دنیا میں بار بار ایسا ہوتا ہے کہ ایک آدمی دوسرے آدمی سے کام لیتا ہے۔ ایسے ہر معاملہ میں اسلام کا حکم یہ ہے کہ پوری اجرت دو، اور کام ختم ہونے کے بعد فوراً اسے ادا کرو۔ کام کروانے کے بعد مزدور سے یہ کہنا کہ اگلے دن آکر اجرت لے لینا، انتہائی غیر انسانی فعل ہے۔ اور ایسے پست فعل سے اسلام میں نہایت شدت کے ساتھ منع کیا گیا ہے۔

کام کروانے والے کی ضرورت اگر یہ ہے کہ اس کا کام ہو جائے تو کام کرنے والے کی ضرورت یہ ہے کہ اس کی محنت کا معاوضہ اسے بروقت مل جائے۔ یہ ایک دو طرفہ تقاضا ہے۔ اور کام کرنے والے نے جب کام انجام دے دیا تو اب دوسرے شخص پر لازم ہو گیا کہ وہ اس کا مقرر معاوضہ ادا کرنے میں کسی قسم کی کوئی قابل شکایت بات نہ کرے۔

جہاں طے شدہ مزدوری کا معاملہ نہ ہو وہاں بھی اسلام کا تقاضا ہے کہ کسی نہ کسی صورت میں اس کا بدلہ پورا کیا جائے۔ اگر مادی بدلہ کا موقع نہ ہو تو اس کا شکریہ ادا کیا جائے۔ کھلے دل سے اس کی کارگزاری کا اعتراف کیا جائے ۔ اچھے الفاظ کے ساتھ لوگوں کے سامنے اس کا ذکر کیا جائے ۔ اس کے حق میں اللہ تعالیٰ سے نیک دعا کی جائے۔

محنت کا فوراً معاوضہ ادا کرنے سے سماج میں باہمی اعتماد بڑھتا ہے، اور اگر اس کے برعکس عمل کیا جائے تو پورا سماج بے اعتمادی اور بدگمانی کا شکار ہو کر رہ جائے گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1996 All issues

Printed page