پوپ کے جواب میں
الرسالہ، ستمبر ۱۹۹۶، صفحہ ۱۹
۳- پوپ جان پال دوم نے قربتِ خداوندی کی جو نوعیت بتائی ہے وہ مذہبی طور پر قطعا غیر ثابت شدہ ہے۔ وہ تحریفات کے بعد بھی پرانے عہد نامہ یا نئے عہد نامہ (تورات واینجيل) میں موجود نہیں ہے۔ قدیم و جدید عہد نامہ کے پورے دفتر میں کوئی بھی عبارت ایسی نہیں ہے جو صراحت اور قطعیت کے ساتھ پوپ کے مذکورہ بیان کی تصدیق کرتی ہو۔ گویا کہ یہ ایک ایسا دعویٰ ہے جس کے حق میں کوئی کھلی دلیل خود کتب قدیمہ میں بھی موجود نہیں۔
اس سلسلہ میں کتب قدیمہ سے اگر کوئی حوالہ دیا جاتا ہے تو وہ استنباطی نوعیت کا ہے مثلاً اس سلسلہ میں اکثر یوحنا کی انجیل کا یہ فقرہ نقل کیا جاتا ہے کہ اور کلام مجسم ہوا : The Word became flesh. (John 1:14)
مگر اس عبارت میں پوپ کا مذکورہ نظریہ ہرگز موجود نہیں۔ وہ صرف استنباطی طور پر اس سے نکالا جاتا ہے۔ اور ایک ایسا نظریہ جس کو مسیحیت کا مرکزی اصول (central doctrine) کہا جاتا ہے، اگر وہ استنباط کے ذریعہ ثابت کیا جائے تو بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ وہ ثابت ہی نہیں ہوا۔ کوئی شخص انجیل کی مذکورہ آیت یا اسی قسم کی کسی اور آیت سے استنباطی طریقہ پر اس کی تائید نکالے تو وہ تائید ہرگز کافی نہیں ہوگی۔ اتنا زیادہ بنیادی عقیدہ صرف اس وقت کسی کتاب سے ماخوذ قرار دیا جا سکتا ہے جب کہ وہ براہِ راست طور پر اس کے متن سے نکل رہا ہو۔ اگر اس کو تشریح و تعبیر کر کے نکالا جائے تو یقینی طور پر وہ نکلا ہی نہیں۔ اس طرح کے امور میں صرف براہ راست استدلال کارآمد ہوتا ہے، بالواسطہ استدلال اس طرح کے امور میں کار آمد نہیں۔
۴- اگر اس بے بنیاد عقیدہ کو برائے بحث مان لیا جائے کہ خدا (یا خدا کا بیٹا) حضرت مسیح کے روپ میں دنیا میں آیا تب بھی قربتِ خداوندی کا یہ عقیدہ نا قابلِ عمل قرار پاتا ہے۔ کیوں کہ مسیح کی زندگی میں بھی چند ہی لوگ اور وہ بھی محض کچھ لمحہ کے لیے جسمانی اعتبار سے مسیح کے قریب ہو سکے۔ اور اب حضرت مسیح کی غیر موجودگی میں تو تمام ہی لوگ مستقل طور پر قربت کے اس تجربہ سے محروم ہیں۔ آج اگر کسی کو مسیح کی قربت حاصل ہوگی تو وہ نفسیاتی سطح پر ہی حاصل ہوگی۔ پھر دونوں مذہبوں کے تصورِ قربت میں کیا فرق باقی رہا۔ ۵- اسلام میں خدا کا جو تصور دیا گیا ہے وہ کوئی دور کا خدا نہیں ہے، بلکہ وہ ایسا خدا ہے جو انسان سے بالکل قریب ہے (البقرہ ۱۸۶) قرآن میں بتایا گیا ہے کہ انسان جب ایک سجدہ کرتا
‹ Previous page Next page › Contents of September 1996 All issues