Al-Risala · November 1997 · page 13

عُسر میں یُسر

الرسالہ، نومبر ۱۹۹۷، صفحہ ۱۳

عُسر میں یُسر

۴ دسمبر کو ڈاکٹر مزمل حسین صدیقی کے ساتھ لاس اینجلس گیا۔ وہاں کے اسلامک سنٹرمیں چند گھنٹے گزرے۔ امریکی فوج کے تحت کیلی فورنیا میں آرمڈ فورسز ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن براڈ کاسٹ سنٹر کا ادارہ قائم ہے۔ اس کے نمائندہ کے طور پر مسٹر رچرڈ ڈیون پورٹ (Richard Davenport) وہاں آئے ہوئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ مختلف قسم کے ویڈیو کیسٹ تیار کرتا ہے جو امریکی فوج کے لیے ٹیلی ویژن پر دکھایا جاتا ہے۔ یہ امریکیوں امریکہ کی تمام فوجی تنصیبات (Bases) پر دیکھا جاتا ہے۔

اس وقت امریکہ کی تقریباً چار لاکھ فوج خلیج عرب کے علاقہ میں ہے۔ مزید فوج بھی وہاں بھیجی جا سکتی ہے۔ چنانچہ امریکی فوجی اسلام اور عرب کلچر کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خلیج میں امریکی فوجوں کی موجودگی سے ایک اچھی چیز یہ برآمد ہوئی ہے کہ بہت سے لوگ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے ہیں: The one good thing that came out of this armed forces' presence in the Gulf is that many people are now interested to know more about Islam and Muslim people. امریکہ کے فوجی ٹی وی کی یہ ٹیم اسی لیے لاس اینجلس کے امریکی سنٹر میں آئی تھی کہ وہ اسلام کے تعارف پر ایک ویڈیو فلم تیار کرے۔ چنانچہ وہ اس کو تیار کر کے لے گئے اور اس کے بعد اسے امریکی ٹی وی پر فوجی نشریات کے پروگرام میں دکھایا گیا۔

خدا کی اس دنیا میں عُسر (مشکل) میں بھی یُسر (آسانی) کا امکان پایا جاتا ہے۔ یہاں ہر ڈس ایڈوانٹیج میں لازمی طور پر ایڈوانٹیج کا ایک پہلو موجود رہتا ہے۔

خلیج کی جنگ (۱۹۹۱ء) میں امریکی فوجیں عرب سرزمین میں اترگئیں۔ اس بظاہر ناخوشگوار واقعہ میں ایک خوش گوار پہلو موجود تھا۔ اس کے دوران امریکیوں کا براہِ راست اختلاط مسلمانوں سے ہوا۔ اس کے بعد فطری طور پر پروگرام میں یہ تجسس پیدا ہوا کہ وہ مسلمانوں کے مذہب کو جانیں ۔ اس طرح یہ واقعہ اسلام کی تبلیغ کا ایک ذریعہ بن گیا۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1997 All issues

Printed page