Al-Risala · November 1997 · page 25

مسلم معاشرہ میں جذباتیت کا مسئلہ

الرسالہ، نومبر ۱۹۹۷، صفحہ ۲۵

عمل نہیں کیا۔ انھوں نے ہمیشہ ایک ہی طریقہ اختیار کیا۔ کوئی خبر سنی ، یا کوئی واقعہ پیش آیا تو فوراً اپنے جذباتی لیڈروں کی رہ نمائی میں بھڑک کر اس کے مقابلہ میں ہنگامہ آرائی کے لیے کھڑے ہو گئے۔ رد عمل کا یہ انداز فطرت کے قانون کے سراسر خلاف تھا۔ یہی وجہ ہے کہ دو سو سال کی لمبی مدت میں ہزاروں پرشور اقدامات اور بے شمار قربانیوں کے باوجود ان کا مسئلہ حل نہیں ہوا۔ بلکہ ان کا ہر جذباتی اقدام مسائل میں صرف اضافہ کا سبب بنتا چلا گیا۔

ہندوستان کی دو بڑی تحریکوں کو اس کی مثال کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ انیسویں صدی میں انگریزوں کی آمد کے بعد مسلمانوں کو کچھ تلخ تجربے ہوئے۔ اس کے بعد مسلم رہ نماؤں میں انگریزوں کے خلاف شدید نفرت پیدا ہو گئی۔ حتیٰ کہ مقدس بزرگوں تک کے حالات میں ہم پڑھتے ہیں کہ ”حضرت کو انگریزوں سے بہت نفرت تھی“۔

نفرت صبر کا مظہر نہیں۔ بلکہ عجلت اور جذباتیت کا مظہر ہے۔ چنانچہ جب ہمارے رہنماؤں کو انگریزوں سے نفرت ہوئی تو وہ اندھا دھند بس ان کے خلاف کھڑے ہو گئے۔ انھیں اس کے سوا کوئی اور کام نظر نہ آیا کہ جس طرح بھی ہو، انگریزوں کی سیاسی غلامی ختم کر کے آزادی حاصل کریں۔ ۱۹۴۷ء میں آزادی کا یہ نشانہ پورا ہو گیا۔ مگر ہندوستانی مسلمانوں کے مسائل مزید اضافہ کے ساتھ باقی رہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ نفرت اور اشتعال کی بنا پر ہمارے رہنما یہ سوچ نہ سکے کہ انگریزوں کا ہندوستان سے واپس جانا بذات خود مسلمانوں کے مسائل کا حل نہیں بن جائے گا۔ بلکہ انھیں جدید تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو تیار بھی کرنا ہو گا۔

ہندو قوم آزادی کی جدوجہد کے ساتھ تعلیم، صنعت، تجارت وغیرہ میں بھی سرگرم رہی۔ چنانچہ آزادی آئی تو وہ آزادی کے مواقع کو استعمال کرنے کے قابل بھی ہو چکی تھی۔ اس کے برعکس مسلمان تعمیر و تیاری کے میدان میں پس ماندہ ہونے کی وجہ سے اس قابل نہ تھے کہ آزادی کے مواقع کو استعمال کر سکیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آزاد ہندوستان کے ہر شعبہ میں ہندو بدرجہا آگے ہیں۔ اور مسلمانوں کے حصہ میں صرف یہ فریاد و ماتم آیا ہے :

یہاں تک گردشِ دورِ فلک سے پست ہونا ہے کہ گردِ راہ بھی کرتی پھرے گی شوخیاں ہم سے اب دوسری بڑی تحریک کو لیجئے جو بالآخر ملک کی تقسیم پر منتج ہوئی۔ اس تحریک کا آغاز کس طرح ہوا۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1997 All issues

Printed page