Al-Risala · August 1998 · page 32

مادی کلچر

الرسالہ، اگست ۱۹۹۸، صفحہ ۳۲

مضبوط یوروپین یونین کا قیام، روس اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی، صدام حسین کے سوال پر کویت کو چھوڑ کر تقریباً تمام مسلم ملکوں کا غیر موافق رویہ، اسرائیل اور عربوں کے درمیان اتحاد کی امریکی کوششوں کی ناکامی، مغربی طرز کی اقتصادیات میں آنے والا حالیہ بحران، اس قسم کے واقعات امریکہ کے لیے نیاچیلنج بن کر ابھرے ہیں۔ مستقبل کی تصویر اگر چہ ابھی واضح نہیں ہے۔ بظاہر یہ نفقہ لفظی کا معاملہ ہے۔ موجودہ صدی کے خاتمہ تک امریکہ اگر اس قسم کے مسائل کے مقابلہ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر سکے تو اگلی صدی میں اس کا داخلہ اس کے لیے اپنی سپر پاور حیثیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے ہم معنی ہوگا۔ بصورت دیگر اگلی صدی کا آغاز گویا امریکہ کی برتر حیثیت میں زوال کا آغاز بن جائے گا۔

مسلم دنیا کے پاس بیک وقت دو چیزیں ایسی ہیں جو اس کو امکانی طور پر متبادل عالمی قیادت کا رول ادا کرنے کے قابل بناتی ہیں۔ یہ دو چیزیں ہیں ــــ اسلام کی آئیڈیالوجی اور قدرتی وسائل کی افراط۔ مگر مسلم دنیا کی بدقسمتی یہ ہے کہ اس کے اندر ناصر اور قذافی اور خمینی اور صدام جیسے غیر معتدل لیڈر ابھرے جنھوں نے مغرب سے محاذ آرائی کو اسلام کا سب سے بڑا کارنامہ سمجھا اور بقیہ مسلم دنیا نے براہ راست یا بالواسطہ طور پر ان کی تائید کی۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ واقعہ کا امکان بننا تو درکنار، اس منزل کی طرف سفر کا آغاز بھی اب تک نہ ہو سکا۔

ایک ایسا دین یا ایک ایسی آئیڈیالوجی جس سے ساری دنیا کو متوحش کر دیا گیا ہو، وہ اس قابل ہی نہیں رہتا کہ وہ لوگوں کے اوپر کوئی قائدانہ کردار ادا کر سکے۔ قیادت کا رول، قرآن کے مطابق ، صبر کرنے والوں کے لیے مقدر ہے نہ کہ بے صبروں کے لیے (السجدہ ۲۴)

مادی کلچر

امریکہ کے سفر میں مجھے یہاں کے کئی ایسے گھروں میں جانے کا اتفاق ہوا جن کے پاس اچھا جاب ہے، اور عام تصور کے مطابق وہ خوش حال ہیں۔ اس سلسلہ میں مختلف تجربے پیش آئے۔ ایک صاحب کے گھر میں میں ان کے ڈرائنگ روم میں بیٹھا ہوا تھا۔ اتنے میں خاتون خانہ تشریف لائیں۔ انھوں نے کہا کہ مولانا صاحب کیا میں یہاں بیٹھ سکتی ہوں۔ میں نے کہا کہ ضرور بیٹھئے۔ اس کے بعد وہ پاس کی کرسی پر بیٹھ گئیں اور انہوں نے کہاکہ مولاناصاحب ہمارے لیے دعا کیجئے ہمارے لیے زندگی بہت تلخ ہوگئی ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 1998 All issues

Printed page