جنت کا ٹکٹ
الرسالہ، اگست ۱۹۹۸، صفحہ ۳۶
مسلمان (محمد عمر) نے انڈیا کے مسلمانوں کا ذکر کیا جیسے کہ مسلمان یہاں دفن کیے جا چکے ہیں۔ میں نے کہا کہ اگر بالفرض انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا وہی معاملہ ہو رہا ہو جو آپ حضرات سمجھتے ہیں تو یہ ہمارے لیے ایک سنہری موقع (گولڈن چانس) ہے۔ کیونکہ حدیث میں آیا ہے کہ جتنی بڑی مصیبت اتنا ہی بڑا انعام (إن عظم الجزاء مع عِظَمَ البلاء) اس کے مطابق اگر ہم انڈیا جیسے ملک میں اسلام پر عمل کریں تو ہم کو ان مسلمانوں سے زیادہ ثواب ملے گا جو سہولت والے ملکوں میں اسلام پر عمل کررہے ہوں اسی طرح حدیث میں آیا ہے کہ:۔ حُجِبتِ الجنة بالمكارۃ (فتح الباری ۳۴۷/۱۱) یعنی جنت تکلیفوں سے ڈھانک دی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو دعوتی کام امریکہ جیسے ملک میں آرام اور سہولت کے ساتھ ہو سکتا ہے وہ انڈیا میں تکلیف اور دل آزاری کے ماحول میں انجام دینا ہے۔ اگر ایسا ہو تو انڈیا میں ہمارے لیے جنت کا یقینی ٹکٹ موجود ہے۔ انڈیا میں ہم ناگوار حالات کے درمیان اسلامی دعوت کا کام کر کے زیادہ یقینی طور پر جنت کا استحقاق حاصل کر سکتے ہیں۔ اِن شاء اللہ العزیز۔ طاقت ور نظریہ مولانا ذکی الدین صاحب ماؤنٹ ہالی اسلامک سنٹر کے صدر ہیں۔ وہ وہاں عام طور پر امام ذکی کے نام سے مشہور ہیں۔ ان کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کا اتفاق ہوا۔ ایک مجلس میں انھوں نے ایک مقولہ پیش کیا جو مجھ کو بہت پسند آیا۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ موجودہ دنیا میں اس نظریہ کو بقا ملتا ہے جو زیادہ طاقتور ہو: Let the strongest idea survive. میں نے کہا کہ یہ مقولہ سب سے زیادہ اسلام کے بارے میں درست ہے۔ اسلام کی حیثیت بلاشبہ دوسرے نظریات کے مقابلہ میں سپیر پر آئیڈيالوجی کی ہے۔ جب بھی اسلام کو نظریات کے میدان میں لایا جائے گا ہمیشہ برتری اسلام ہی کو حاصل ہوگی۔
پھر میں نے کہا کہ اسلام اگرچہ امکانی طور پر آج بھی سپر پاور کی حیثیت رکھتا ہے مگر عملی طور پر اس کو آج کی دنیا میں غالب نظریہ کی حیثیت حاصل نہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلام کو نظریاتی مقابلہ کے میدان میں لایا ہی نہیں گیا۔ یہ کام مسلمانوں کے ذریعہ ہونا تھا۔ مگر موجودہ زمانے کے مسلمانوں نے اسلام کو تو دنیا کے سامنے پیش نہیں کیا۔ البتہ اسلام کے نام پر انھوں نے دوسری قوموں سے نفرتیں کیں اور ان سے مادی اور سیاسی جھگڑے قائم کیے۔ مسلمانوں کی یہ روش میڈیا کے ذریعہ خوب عام ہوئی۔
‹ Previous page Next page › Contents of August 1998 All issues