متفرق ات سفر
الرسالہ، فروری ۱۹۹۸، صفحہ ۲۹
کیمیکل تجزیہ بتاتا ہے کہ ہیرا کوئلہ سے تیار ہوتا ہے۔ کروڑوں سال کے فطری عمل کے بعد سیاہ کوئلہ کا ایک ٹکڑا چمک دار ہیرا بن جاتا ہے۔
ہیرا خالص کاربن ہوتا ہے ۔ اس کا ترکیبی جزء وہی ہے جو کوئلہ کا ہے۔ مگر کوئلہ سیاہ ہوتاہے اورہیراانتہائی چمک دار ۔ نیز ہیرا تمام معلوم مادوں میں سب سے زیادہ سخت ہوتا ہے۔ قدیم زمانہ میں ہیرا صرف زینت کی چیز سمجھا جاتا تھا۔ مگر موجودہ زمانہ میں اپنی انتہائی سختی کی وجہ سے وہ مختلف صنعتی مقاصد میں استعمال ہوتا ہے۔
ہیرا اور کوئلہ کا یہ فرق علامتی طور پر حقیقی انسان اور غیر حقیقی انسان کے فرق کو بتاتا ہے۔ دونوں کی حیاتیاتی اصل اسی طرح ایک ہے جس طرح ہیرے اورکوئلے کی اصل ایک ہے۔ مگر حقیقی انسان خدا کی دنیا میں ہیرا انسان ہوتا ہے اور غیر حقیقی انسان صرف ایک کوئلہ انسان۔ انسان۔ دین کاکام ہویادنیاکاکام ،ہرایک کے لیے ہیرا انسان درکار ہوتے ہیں۔ کوئلہ انسان نہ دین کے کام کے ہیں اور نہ دنیا کے کام کے۔
ایک صاحب نے ایک مسلم دانشور کا مضمون دکھایا جو حیدر آباد کے ایک اخبار (۷ اپریل ۱۹۹۶) میں چھپا تھا۔ اس میں امریکہ کا تقابل ہندوستان سے کیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ امریکہ کی اقلیت کو تعصب کا سامنا نہیں۔ جب کہ ہندوستان کی اقلیت کو تعصب کا سامنا پیش آ رہا ہے۔ مضمون نگار نے لکھا تھا :
" امریکہ میں جنرل کو ہین پاوٹیل کی ترقی کی داستان بتاتی ہے کہ امریکہ میں گزشتہ ۴۵برسوں میں سفید فام امریکیوں کا سیاہ فام امریکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک بہت بڑی حد تک ختم ہوا ہے۔ لیکن اس ۴۵سال کی مدت میں ہندوستان نے تعصب ، فرقہ واریت اور تنگ نظری کی منزل کی سمت میں سفر کیا ہے "
میں نے کہا کہ یہ تقابل غلط ہے۔ امریکہ میں اگر اقلیت کے کچھ افراد نے ترقی کی ہے تو ہندوستان میں بھی اقلیت کے بہت سے افراد نے ترقی کی ہے۔ آزادی کے بعد یہاں بہت سے اقلیتی افراد صدر ، چیف جسٹس ، ایر مارشل ، گورنر ، چیف جسٹر اور دوسرے عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ ایسی حالت میں یہ نہایت غلط رہنمائی ہے کہ ہندوستان کی مایوسانہ تصویر پیش کر کے مسلمانوں کو بے حوصلہ کیا جائے ۔
‹ Previous page Next page › Contents of February 1998 All issues