Al-Risala · October 1999 · page 18

مشترک عمل

الرسالہ، اکتوبر ۱۹۹۹، صفحہ ۱۸

مشترک عمل

ایک کامیاب تاجر سے پوچھا گیا کہ دولت کمانے کا راز کیا ہے۔ اس نے جواب دیا کہ دولت کمانے کا راز صرف آپ کا اپنا عمل نہیں ہے۔ بلکہ یہ ہے کہ آپ دوسروں کو اپنے عمل میں ساتھ لے سکیں:

The secret of making money is not in working but in making others work for you. یہ بلاشبہ ایک نہایت درست بات ہے۔ کوئی بھی شخص محض اپنے ذاتی عمل سے بہت بڑا کام نہیں کر سکتا۔ بڑے کام کے لئے ہمیشہ ضروری ہوتا ہے کہ بہت سے دوسرے افراد اس میں شریک ہو کر مشترک عمل کریں۔ انفرادی عمل سے چھوٹی کامیابی ملتی ہے اور مشترک عمل سے بڑی کامیابی۔

یہ اصول صرف دولت کمانے کا نہیں ہے بلکہ ہر معاملہ میں دینی اور عملی کام کے لئے بھی یہی اصول اتنا ہی درست ہے جتنا کہ دنیوی کام کے لئے۔ کوئی بڑا عملی منصوبہ، کوئی وسیع دعوتی نشانہ، کوئی ہمہ گیر دینی پرو گرام اس کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا کہ اس کی تکمیل میں بہت سے لوگ اپنی صلاحیتوں کے ساتھ کامل طور پر جڑے ہوئے ہوں۔

یہ مشترک جد و جہد کس طرح ممکن ہوتی ہے۔ اس کا راز یہ ہے کہ اس کو ہر ایک کا ذاتی انٹرسٹ بنا دیا جائے۔ آدمی اپنی فطرت کے اعتبار سے اسی کام میں اپنے آپ کو وقف کر سکتا ہے جس میں وہ ذاتی انٹرسٹ دیکھ رہا ہو۔ ذاتی انٹرسٹ کی کشش کے بغیر بہت سے لوگ کسی ایک نشانہ پر اپنے آپ کو جمع نہیں کر سکتے۔

دنیوی قسم کے کاموں میں یہ ذاتی انٹرسٹ مادی چیزوں کی صورت میں فراہم کیا جاتا ہے۔ دینی نوعیت کے کام میں یہ مقصد آخرت کے شعور کو بیدار کرنے سے حاصل ہو گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 1999 All issues

Printed page