Al-Risala · December 1999 · page 44

When pen is lost everything is lost

الرسالہ، دسمبر ۱۹۹۹، صفحہ ۴۴

تک بگاڑ دیا۔ بعد کے دور کی غوغلائی سیاست کے نتیجہ میں نہ صرف بابری مسجد زد میں آگئی بلکہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت اور کشیدگی پھیل گئی جس نے دعوت کے ماحول کو انتہائی حد تک بگاڑ دیا۔ میری کو شش ہر مرحلہ میں یہ رہی ہے کہ بابری مسجد بھی بچی رہے، مسلمان بھی محفوظ رہیں اور دعوت کا ماحول بھی بگڑنے نہ پائے۔ اس پورے پس منظر میں دیکھیے تو آپ کو اس معاملہ میں کوئی اشکال باقی نہ رہے گا۔ آپ کا یہ ارشاد بڑا عجیب ہے کہ میرا رونا مسلمانوں کے لئے نہیں۔ واقعہ یہ ہے کہ الرسالہ کا ہر شمارہ اس غلط فہمی کی تردید کے لئے کافی ہے۔ دیگر مسلم مسائل میں عمومی طور پر اور بابری مسجد کے مسئلہ میں خصوصی طور پر اللہ کی توفیق سے میرا وہ مثبت رول رہا ہے جس کا ذکر سورۃ المائدہ آیت ۶۴ میں کیا گیا ہے۔ بابری مسجد کے مسئلہ کو خود ساختہ مسلم رہنماؤں نے جس نا عاقبت اندیشانہ طریقہ پر اٹھایا اس کے نتیجہ میں ملک میں زبردست فساد پھوٹ پڑا۔ اس وقت میں اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر فسادات کی آگ بجھانے کے لئے اس میں کود پڑا۔ اس معاملہ میں اللہ کی توفیق سے میں نے جو کام کیا اس کا کچھ تذکرہ الرسالہ کے شماروں میں آتا رہا ہے۔ یہاں میں صرف ایک حوالہ نقل کروں گا۔ ۶ دسمبر ۱۹۹۲ کے بعد جب ملک میں فسادات کی آگ بھڑک اٹھی تو میں نے کچھ ممتاز ہندو شخصیتوں کو ساتھ لے کر ایک شانتی یاترا نکالی اور ۳۵ مقامات پر گیا۔ تقریباً تین ہفتہ کی یہ شانتی یاترا ریڈیو، ٹی وی اور اخبارات میں تفصیل سے کور کی گئی۔ اللہ کے فضل سے اس شانتی یاترا کا غیر معمولی اثر ہوا اور اس کے بعد فسادات کی آگ بجھ گئی۔ یہ سفر کن ہنگامی حالات میں ہوا تھا اس کا اندازہ ”شانتی یاترا“ کے نام سے شائع ہونے والی رپورٹ (الرسالہ اکتوبر ۱۹۹۳) سے ہو سکتا ہے۔ اس وقت حالت یہ تھی کہ شہروں میں کرفیو نافذ تھے اور جگہ جگہ سے دھواں اٹھ رہا تھا۔ اس وقت میرا کیا حال تھا اس کا اندازہ اس سے ہوگا کہ ایک مقام پر جب میں آگ اور دھوئیں کے ماحول میں تقریر کرنے کھڑا ہوا تو میں بے اختیار رو رہا تھا۔ میں نے اپنی تقریر ان الفاظ سے شروع کی۔ ہم یہاں اس لئے آئے ہیں کہ جس آگ کو فائر بریگیڈ کا پانی نہ بجھا سکا اس کو ہم اپنے آنسوؤں سے بجھا دیں۔ (اسفار ہند صفحہ ۹۶)

‹ Previous page Next page › Contents of December 1999 All issues

Printed page