Your comments help us to serve you better.
الرسالہ، اگست ۲۰۰۱، صفحہ ۶۴
ہماری ٹرین پنجاب کے میدانوں میں دوڑتی ہوئی آگے بڑھ رہی تھی۔ کوچ میں دونوں طرف لگے ہوئے بڑے بڑے سفید شیشوں کے ذریعہ باہر کی دنیا صاف دکھائی دے رہی تھی۔ ہرے بھرے درختوں کے مسلسل جھنڈ اور اس کے پیچھے جگہ جگہ نئے طرز کی بنی ہوئی خوبصورت عمارتیں، ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے کہ مساکن طیبہ فی جنات عدن (الصّف ۱۲) کا منظر بہت دور سے دکھایا جا رہا ہو۔ موجودہ زمانہ میں جو خوشنما مادی ترقیاں ظہور میں آئی ہیں وہ بہت سے لوگوں کے اندر صرف مادی حرص کا جذبہ جگاتی ہیں۔ مگر میں جب ان کو دیکھتا ہوں تو میری زبان پر یہ الفاظ آجاتے ہیں آخرت کی جنت کا بعید تعارف۔
کوچ کے اندر پڑھنے کے لئے انگریزی اخبارات دئے گئے۔ میں نے ٹائمس آف انڈیا (نئی دہلی) کا شمارہ ۱۴ ستمبر ۲۰۰۰ دیکھا۔ اس کے صفحہ اول پر یہ خبر تھی کہ مائیکروسافٹ کا چیف اور دنیا کا امیر ترین آدمی بل گیٹس (Bill Gates) ۱۳ ستمبر ۲۰۰۰ کو ہندوستان آیا ہے۔ خبر میں بتایا گیا تھا کہ بل گیٹس بے حد مصروف زندگی گزارتے ہیں۔ وہ اپنا ایک ایک منٹ استعمال کرتے ہیں۔ جب وہ نئی دہلی پہنچے تو شیریٹن ہوٹل میں ایک الیویٹر(Elevator) (Elevator) ان کے لئے پیشگی طور پر ریزرو رکھا گیا تھا تاکہ جب وہ یہاں پہنچیں تو اپنا ایک لمحہ ضائع کئے بغیر فوراً وہ اوپر اپنے اسپیشل روم میں پہنچ سکیں۔
پنجاب زرعی اعتبار سے ہندوستان کی سب سے زیادہ خوشحال ریاست ہے۔ اس کا خاص سبب یہ ہے کہ ۱۸۵۷ کے غدر (Mutiny) میں پنجاب کے سکھوں نے انگریزوں کا ساتھ دیا تھا اور انہیں کامیاب بنانے میں خصوصی مدد دی تھی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ انگریزوں کا کنٹرول جب انڈیا پر قائم ہو گیا تو انہوں نے پنجاب کو بہت زیادہ نوازا۔ یہاں زرعی آبپاشی کے لئے کثرت سے نہریں نکالی گئیں۔ چھوٹی اقلیت کے باوجود سکھوں کو فوج میں ۳۳ فیصد تک جگہ دی گئی۔ آزادی کے بعد جب ہندوستان کے لوگ دوبارہ برطانیہ جانے لگے تو سکھوں کے لئے برطانیہ کے دروازے خصوصی طور پر کھول دئے گئے، وغیرہ۔
‹ Previous page Next page › Contents of August 2001 All issues