Al-Risala · September 2003 · page

Follow one and respect all.

الرسالہ، ستمبر ۲۰۰۳

ایک خط

برادر محترم پریذیڈنٹ پرویز مشرف صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ انڈیا کے لئے آپ کا دورہ (۱۵-۱۶ جولائی) ہم سب کے لئے خوشی کا باعث ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اقدام کو مکمل کامیابی عطا فرمائے۔

۱۲ اکتوبر ۱۹۹۹ کو جب اللہ تعالیٰ نے آپ کو ایک امکانی ہوائی حادثہ سے بچایا اور پاکستان کے سیاسی اقتدار پر سر فراز کیا تو مجھے رابرٹ کلا یو کا واقعہ یاد آیا۔ ایک امکانی حادثہ سے بچنے کے بعد کلا یو کی زبان سے یہ الفاظ نکلے تھے : خدا نے تم کو کسی بڑے کام کے لئے بچایا ہے۔ اور اس کے بعد اس نے واقعہ برطانی تاریخ میں ایک بڑا کام انجام دیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہی تاریخ آپ کے ساتھ دہرائی جانے والی ہے۔ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اللہ نے آپ کو اپنی خصوصی مدد سے بچایا ہے تاکہ آپ بر صغیر ہند میں قیام امن کا وہ ضروری کردار ادا کر سکیں جس کا تاریخ کو نصف صدی سے انتظار ہے۔ جب یہ خبر آئی کہ آپ حکومت ہند کی دعوت پر انڈیا کا دورہ کرنے والے ہیں تو اس دورہ کے بارے میں میں نے کئی مضمون لکھے جو یہاں کے اردو، ہندی اور انگریزی اخباروں میں شائع ہوئے۔ مثال کے طور پر ساؤتھ انڈیا کے کثیر الاشاعت انگریزی روز نامہ هت واد (The Hitavada) میں میرا ایک تفصیلی انٹرویو اس کے شمارہ ۳۰ جون ۲۰۰۱ میں چھپا۔ اس میں ملٹری رولر کی حیثیت سے میں نے آپ کا پر زور دفاع کیا تھا۔ چنانچہ اخبار نے اس انٹرویو کو چھاپتے ہوئے اس کا یہ عنوان دیا: Military ruler is a blessing for Pakistan اگر آپ اجازت دیں تو میں کہنا چاہوں گا کہ کشمیر کے معاملہ میں پاکستان کو وہی پالیسی اختیار کرنا چاہئے جو مشہور انگریزی مقولہ میں اس طرح بیان کی گئی ہے___ سیاست ممکن کا آرٹ ہے: Politics is the art of the possible.

‹ Previous page Next page › Contents of September 2003 All issues

Printed page