We are always Mad‘u friendly
الرسالہ، ستمبر ۲۰۰۴، صفحہ ۷۰
کم ملتا تھا۔ ان سے میں نے کہا کہ آپ کو دیکھ کر میری سمجھ میں آیا کہ سادہ زندگی اور اونچی سوچ (simple living, high thinking) کا کیا مطلب ہے۔
اصل یہ ہے کہ سادہ زندگی اور اونچی سوچ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ سادہ زندگی دراصل وقت کو بچانے کی ایک تدبیر ہے۔ سادہ زندگی کا یہ فائدہ ہے کہ آدمی کی توجہ غیرضروری چیزوں سے ہٹ کر صرف ضروری چیز کی طرف لگ جاتی ہے۔ سادہ زندگی کا مطلب یہ ہے کہ مادی چیزوں پر کم پر راضی ہو جاؤ تاکہ تم فکری اور روحانی چیزوں میں زیادہ کو حاصل کر سکو۔ میں نے کہا کہ میں نے شروع ہی میں آپ کو تاکید کی تھی کہ آپ کھانے کے معاملہ میں انتہائی سادگی اختیار کریں۔ میں نے یہ بات نہایت سنجیدگی کے ساتھ کہی تھی مگر آپ اس پر عمل نہ کر سکے ۔ اگر آپ اس پر عمل کرتے تو آپ کا سارا ٹائم بچ جاتا اور آپ ہماری مجلس میں برابر شریک رہتے۔ ایک اور صاحب سے بات کرتے ہوئے میں نے کہا کہ عام طور پر لوگوں کا حال یہ ہے کہ جب وہ کوئی شاندار مکان یا شاندار موٹر کار جیسی کوئی مادی عظمت کی چیز دیکھتے ہیں تو وہ اس پر رشک کرتے ہیں۔ یہ چیزیں ان کو بہت پرکشش معلوم ہوتی ہیں ۔ وہ سوچنے لگتے ہیں کہ کاش ہمارے پاس بھی ایسی چیز ہوتی۔ مگر صحیح ایمانی جذبہ یہ ہے کہ آدمی ایسی چیزوں کو دیکھ کر کانپ اٹھے۔ وہ سوچنے لگے کہ یہ چیزیں اگر میرے پاس ہوتیں تو میری ساری توجہ انہی چیزوں کی طرف لگ جاتی اور نتیجہ یہ ہوتا کہ میں خدا کی اس زیادہ بڑی نعمت سے محروم ہو جاتا جو کہ خوش قسمت انسان کے لئے آخرت میں مقدر کی گئی ہے، یعنی خدا کی یاد اور آخرت کی فکر۔
ایک مجلس میں کچھ عرب حضرات تھے۔ انہوں نے میرے تصنیفی پروگرام کے بارہ میں دریافت کیا۔ میں نے کہا کہ اب عمر کے آخری حصہ میں میں نے حدیث کی شرح لکھنے کا کام شروع کیا ہے۔ یہ ایک لمبا کام ہے۔ اس میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ اس مجموعہ میں انشاء اللہ چھ ہزار سے زیادہ حدیثیں شامل ہوں گی ۔ فی الحال میں اس کتاب کو اردو میں تیار کر رہا ہوں، ہر حدیث کے متن کے بعد اس کا ترجمہ اور پھر اس کی مختصر تشریح ۔ بعد کو دوسری زبانوں میں اس کا ترجمہ ہو سکتا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 2004 All issues