Al-Risala · October 2005 · page

یک من علم را دہ من عقل می باید

الرسالہ، اکتوبر ۲۰۰۵

ایک وہ جس کو تنقیدی انداز کہا جاتا ہے۔ عام طور پر لوگ تنقیدی انداز کو پسند نہیں کرتے۔ اگرچہ اصلاح کا فائدہ صرف تنقیدی انداز میں ہے۔ تنقید و تجزیہ کا انداز آدمی کے اندر صحیح سوچ پیدا کرتا ہے۔ اور صحیح سوچ سے صحیح عمل ظہور میں آتا ہے۔ اگر لوگ تنقید کو معتدل انداز میں لیں تو حقیقی تنقید سے زیادہ بڑی نعمت کوئی دوسری چیز نہیں۔ غلطی پر ٹوکنے کا دوسرا طریقہ لطیفے کا طریقہ ہے۔ لطیفے کے طریقہ میں آدمی بات کو کہہ دیتا ہے مگر اصلاح کے نقطہ نظر سے اس کا کوئی حقیقی فائدہ نہیں ہوتا۔ اس سلسلہ میں میں نے ڈاکٹر عندلیب شادانی کا ایک واقعہ بتایا۔ ڈاکٹر عندلیب شادانی اردو کے شاعر اور ادیب تھے۔ ڈاکٹر عندلیب شادانی کا اصل نام وجاہت حسین تھا۔ وہ ۱۸۹۷ میں سنبھل (مراد آباد) میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد ۱۹۲۵ میں انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور سے فارسی میں ایم اے کیا۔ ۱۹۲۶ میں وہ ہندو کالج دہلی میں اردو اور فارسی کے لیکچرر ہوئے۔ جنوری ۱۹۲۸ کو ڈھاکہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو اور فارسی میں لیکچرر مقرر ہوئے۔ ۱۹۳۳ میں ہندوستان کے مسلم مورخ‘‘ کے موضوع پر مقالہ لکھ کر لندن یونیورسٹی سے پی۔ ایچ۔ ڈی کی سند حاصل کی۔ ۱۹۴۵ میں اپنے شعبہ میں ریڈر اور ۱۹۴۷ میں پروفیسر اور صدر شعبہ مقرر ہوئے۔ جولائی ۱۹۶۹ میں ڈھاکہ ہی میں ان کا انتقال ہوا۔

عندلیب شادانی ایک شگفتہ مزاج آدمی تھے۔ ان میں مزاح کا ذوق پایا جاتا تھا۔ ڈھاکہ کے زمانہ قیام میں ایک دفعہ چند طلبہ ان کے پاس یہ شکایت لے کر آئے کہ طلبہ کے نماز پڑھنے کا کمرہ طالبات کے کامن روم کے مقابل ہے، اس لیے لڑکیوں کی آوازوں سے نماز میں خلل پڑتا ہے۔ شادانی صاحب نے ان کو یقین دلایا کہ یا تو نماز کا کمرہ بدل دیا جائے گا یا طالبات کا کامن روم۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ تاہم آپ لوگ ایک لطیفہ سن لیجئے۔ ایک مرتبہ ایک شخص کسی میدان میں نماز پڑھ رہا تھا کہ اس کے سامنے سے مجنوں کا گزر ہوا۔ نمازی جلدی سے نماز ختم کر کے مجنوں کو ملامت کرنے لگا کہ دیکھتا نہیں میں نماز پڑھ رہا ہوں اور تو میرے سامنے سے گزر گیا۔ اس پر مجنوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں تو اپنے مجازی محبوب (لیلیٰ) کے خیال میں اس قدر محو تھا کہ مجھے اپنے ارد گرد کا احساس نہ رہا۔ تعجب ہے کہ تجھے محبوب حقیقی کے حضور میں کھڑے ہونے کے باوجود میرے گزرنے کا احساس ہوا۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 2005 All issues

Printed page