تعلیمی پیغام
الرسالہ، فروری ۲۰۰۵، صفحہ ۴۴
خبر نامہ اسلامی مرکز ۱۶۷
۱۔ اسلامک گائیڈنس سینٹر (منگلور) نے اپنے خط مورخہ ۲۳ ستمبر ۲۰۰۴ میں یہ خبر دی ہے: ہم چند احباب دعوت دین کا کام کرتے ہیں۔ گھر گھر جا کر دین کی دعوت دیتے ہیں۔ خصوصاً غیر مسلموں کے گھر جاتے ہیں۔ اللہ کے فضل سے بہت اچھا کام ہو رہا ہے۔ غیر مسلمین بہت اچھی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ وہ پوچھتے ہیں کہ ابھی تک تم لوگ کہاں تھے۔ یہاں کی زبان کنڑی ہے۔ سارا کام اسی زبان میں ہوتا ہے۔ آپ کا ایک پمفلٹ انسان اپنے آپ کو پہچان بھی اسی زبان میں ترجمہ کر کے لوگوں کو دے رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں آپ سے ہماری درخواست ہے کہ آپ ہماری حوصلہ افزائی کریں۔
۲۔ انڈیا ٹوڈے (نئی دہلی) کے ٹی وی چینل آج تک کے نمائندہ مسٹر سنجے نندن (Sanjay Nandan) نے ۱۲ نومبر ۲۰۰۴ کو صدر اسلامی مرکز کا ویڈیو انٹرویو ریکارڈ کیا۔ اُن کے سوالات کا تعلق کانچی کے شنکر آچاریہ کی گرفتاری سے تھا۔ جواب میں بتایا گیا کہ ہمارے ملک میں قانون ہر ایک کے لیے یکساں ہے۔ مگر قانونی کارروائی کرتے ہوئے اس کا لحاظ کرنا چاہیے کہ سماج میں کسی شخص کا مرتبہ کیا ہے۔ قانون کا انطباق کرتے ہوئے انسانی احترام کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔
۳۔ اسٹار نیوز ٹی وی چینل (نئی دہلی) کے نمائندہ انور چوہان (Anwar Chauhan) نے ۱۳ نومبر ۲۰۰۴ کو صدر اسلامی مرکز کا انٹرویو لیا۔ ابینہ میں ایک شادی کے بعد مقرر مدت سے پہلے ولادت ہو گئی۔ اس سلسلہ میں یہ سوال تھا کہ کیا ڈی این اے ٹسٹ کا استعمال اس معاملہ میں جائز ہے۔ جواب میں بتایا گیا کہ ڈی این اے ٹسٹ ایک سائنٹفک میتھڈ ہے۔ اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ کسی کے خون کے ٹسٹ کے معاملہ میں اس کا استعمال بالکل جائز ہے۔
۴۔ وژن نیوز (Vision News) کی نمائندہ ارونا ملا پارڈی (Aruna Malapardy) نے ۱۴ نومبر ۲۰۰۴ کو عید الفطر کے بارہ میں صدر اسلامی مرکز کا انٹرویو لیا۔ جوابات کا خلاصہ یہ تھا کہ عید الفطر رمضان کے خاتمہ پر آتی ہے۔ وہ مسلمانوں کے لیے اجتماعی ملاقات کا دن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ عید الفطر کی تاریخ یکم شوال کی چاند کو دیکھ کر متعین ہوتی ہے۔ برصغیر ہند میں چاند کو آنکھوں سے دیکھ کر تاریخ کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ مگر عرب دنیا میں کیلینڈر کے اصول پر عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان حکومت کی طرف سے کیا جاتا ہے۔
۵۔ اسپرپول مسیح کی دعوت پر نومبر ۲۰۰۴ کے تیسرے ہفتہ میں صدر اسلامی مرکز نے بمبئی کا سفر کیا۔ ۱۷۔ ۲۱ نومبر کے درمیان وہاں مختلف موضوعات پر کئی پروگرام ہوئے۔ ان پروگراموں میں ہندو اور مسلمان دونوں شریک ہوئے۔ اس کی روداد سفر نامہ کے تحت انشاء اللہ الرسالہ میں شائع کر دی جائے گی۔
‹ Previous page Next page › Contents of February 2005 All issues