Al-Risala · September 2006 · page 26

دوسری آیت

الرسالہ، ستمبر ۲۰۰۶، صفحہ ۲۶

سی پی ایس انٹرنیشنل (CPS International)

دعوتِ حق کی تاریخ میں دو گروپ کے لیے دو بڑا رول مقدر تھا۔ ایک وہ گروپ جس کو اصحابِ رسول کہا جاتا ہے۔ دوسرے وہ جس کے لیے حدیث میں اخوانِ رسول کے الفاظ آئے ہیں۔ اصحابِ رسول نے اپنا رول ساتویں صدی عیسوی میں پوری طرح ادا کر دیا، اخوانِ رسول کا رول باقی ہے جس کو بعد کے زمانے میں انجام پانا ہے۔ اصحابِ رسول نے اپنا رول روایتی دور میں انجام دیا تھا۔ اخوانِ رسول اپنا رول سائنسی دور میں انجام دیں گے — سی پی ایس کی ٹیم اسی دوسرے رول کے لیے امیدوار گروپ کی حیثیت رکھتی ہے۔

واقعات بتاتے ہیں کہ اب وہ وقت پوری طرح آ چکا ہے کہ دوسرے دور کا دعوتی رول عالمی سطح پر انجام دیا جائے ۔ تمام قرائن اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ کسی بھی سنجیدہ انسان کے لیے اس حقیقت کو سمجھنا کچھ بھی مشکل کام نہیں۔

سی پی ایس انٹرنیشنل ایک خالص غیر سیاسی تنظیم ہے۔ کسی بھی مادی یا قومی اشو سے اس کا کوئی تعلق نہیں ، نہ براہِ راست طور پر اور نہ بالواسطہ طور پر۔ سی پی ایس کا واحد کنسرن یہ ہے کہ تمام انسانوں کو اُن کے حقیقی مقصدِ حیات سے باخبر کیا جائے۔ سی پی ایس کا نشانہ ہے — سائنسی دور میں خدائی سچائی کا اعلانِ عام :

Proclamation of divine truth in modern scientific age. انسانی تاریخ دو دوروں میں تقسیم ہے۔ ابتدائی زمانے سے لے کر پندرہویں صدی تک ، سولھویں صدی سے لے کر موجودہ زمانے تک۔ (۱) پہلا زمانہ وہ ہے جب کہ دنیا میں توہم پرستی (superstition) کا غلبہ تھا۔ (۲) دوسرے زمانے میں ساری دنیا میں سائنسی فکر کا غلبہ ہو گیا ہے۔ پہلے دور کو قبل سائنس دور (pre-scientific age) کہا جا سکتا ہے۔ اور دوسرے دور کو عام طور پر بعد سائنس دور (post-scientific age) کہا جاتا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 2006 All issues

Printed page