سادگی کا اصول
الرسالہ، اپریل ۲۰۰۸، صفحہ ۳۷
سادگی کا اصول
سادگی صرف عدم تکلف کا نام نہیں، سادگی زندگی کا ایک بنیادی اصول ہے۔ سادگی کا مطلب یہ ہے کہ مادی معاملات کے بارے میں اپنے آپ کو حقیقی ضرورت (basic need) تک محدود رکھا جائے، اور اپنی ساری توانائی کو صرف مقصد اعلیٰ کے راستے پر خرچ کیا جائے۔ سادگی کا تعلق لائف مینجمنٹ (life management) سے ہے، نہ کہ معروف معنوں میں محض ایک شخص کے ذاتی ذوق سے۔ سادگی زندگی کی ایک علاحدہ صفت نہیں، سادگی کا تعلق انسان کی تمام دوسری سرگرمیوں سے ہے۔ اسی لیے ایک مشہور مقولے میں درست طور پر کہا گیا ہے کہ۔ اگر تم اعلیٰ ترقی حاصل کرنا چاہتے ہو تو سادگی کا طریقہ اختیار کرو:
Simple living, high thinking
سادہ زندگی اور اونچی سوچ (high thinking) دونوں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ سادہ زندگی نہیں تو اونچی سوچ بھی نہیں۔ اونچی سوچ یا اعلیٰ ذہن کی تشکیل کے لیے ارتکاز (concentration) نہایت ضروری ہے، اور سادگی کے بغیر ذہنی ارتکاز (intellectual concentration) پر قائم رہنا کسی کے لیے ممکن نہیں۔
جب کوئی شخص سماجی زندگی میں رہتا ہے تو اس کے ساتھ بار بار ڈسٹریکشن (distraction) کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، یعنی ایسی چیزوں میں مشغول ہونا جو آدمی کو اس کے حقیقی مقصد سے منحرف کردیں۔ ڈسٹریکشن کا معاملہ سماجی زندگی میں بار بار پیش آتا ہے۔ لیکن جس آدمی کے سامنے کوئی اعلیٰ مقصد ہو اور وہ واقعی معنوں میں اس کو حاصل کرنا چاہتا ہو تو اس کے لیے ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ اپنے آپ کو ڈسٹریکشن سے بچائے۔ ڈسٹریکشن آدمی کی توجہ کو اس کے اصل مقصد سے ہٹاتا رہتا ہے۔ کوئی با مقصد انسان اس قسم کے ڈسٹریکشن کو گوارا نہیں کر سکتا۔ سادگی با مقصد انسان کا کلچر ہے، با مقصد انسان اس کا تحمل نہیں کر سکتا کہ وہ سادگی کے اصول کو ترک کر دے۔
‹ Previous page Next page › Contents of April 2008 All issues