Al-Risala · July 2008 · page 33

Japanese are potentially Muslims.

الرسالہ، جولائی ۲۰۰۸، صفحہ ۳۳

موجودہ زمانے کا یہ ذہنی انقلاب عین اسلام کے حق میں تھا۔ کیوں کہ تمام مذاہب میں اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جو کامل طور پر محفوظ مذہب کی حیثیت رکھتا ہے۔ دوسرے تمام مذاہب تبدیلی کا شکار ہو کر علمی اور تاریخی اعتبار سے غیر مستند بن چکے ہیں۔ اس بنا پر جدید ذہن کے لیے مذہبوں کے درمیان صرف ایک ہی چوائس باقی رہا ہے، یہ اسلام کا چوائس ہے جو استثنائی طور پر الہامی مذہب کے مستند متن (authentic version) کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس طرح جدید تاریخ میں دوبارہ عین وہی صورت حال پیدا ہو گئی ہے جو ساتویں صدی عیسوی کے آغاز میں عرب میں تھی، یعنی انسانوں کے ایک ایسے گروہ کا وجود میں آ جانا جو اپنی ڈی کنڈیشننگ کی بنا پر غیر شعوری اعتبار سے اسلام کے قریب آ چکا ہے۔ اب ضرورت صرف یہ ہے کہ آج کے انسان کے اس لاشعور کو شعور میں تبدیل کیا جائے۔ ایک سفر میں ایک جاپانی اسکالر نے مجھ سے کہا کہ جاپانی لوگ بالقوہ مسلمان ہیں :

Japanese are potentially Muslims.

میں کہوں گا کہ موجودہ زمانے میں تمام انسان بالقوہ طور پر مسلم بن چکے ہیں۔ اب ضرورت صرف یہ ہے کہ جدید سائنسی معیار پر اسلامی دعوت کا کام کیا جائے اور اس امکان (potential) کو واقعہ (actual) بنایا جائے۔ اسی جدید نسل سے وہ لوگ نکلیں گے جو خدائی سچائی کو پہچانیں اور اس کا اعتراف کر کے وہ جماعت بنائیں، جس کو حدیث میں اخوانِ رسول کہا گیا ہے۔

اخوانِ رسول کا یہ معاملہ کوئی پر اسرار معاملہ نہیں۔ یہ اسی طرح ایک معلوم تاریخی واقعہ ہوگا، جس طرح اصحاب رسول کا معاملہ ایک تاریخی واقعے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اصحابِ رسول کا معاملہ یہ تھا کہ وہ پیغمبرانہ اسلوب پر ایک دعوتی عمل کے ذریعے وجود میں آئے تھے۔ اسی طرح موجودہ زمانے میں بھی پیغمبرانہ اسلوب پر ایک دعوتی عمل درکار ہے، جس کے ذریعے نئی نسل کے لوگ خدائی سچائی کو دریافت کر کے وہ گروہ بنیں گے، جس کو حدیث میں اخوانِ رسول کہا گیا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 2008 All issues

Printed page