Al-Risala · July 2008 · page 38

گنہگار شخصیت، کم زور شخصیت

الرسالہ، جولائی ۲۰۰۸، صفحہ ۳۸

گنہگار شخصیت، کم زور شخصیت

مطلوب شخصیت وہ ہے جو اعلیٰ انسانی اوصاف کی حامل ہو، جو اصول پسند ہو، جو اخلاقی اقدار پر قائم ہو، جس کے اندر مثبت نفسیات پائی جاتی ہو، جس کے دل میں سارے انسانوں کے لیے محبت ہو، جس کے اندر اعتراف کا جذبہ پایا جاتا ہو، جو قابلِ پیشین گوئی کردار (predictable character) کا حامل ہو۔ ایسا ہی انسان حقیقی معنوں میں وہ انسان ہے جس کو مطلوب انسان کہا جا سکے ۔ اس کے بعد وہ لوگ ہیں جو انسانی پہلو سے گراوٹ کا شکار ہوں۔ ایسے افراد کی دو قسمیں ہیں۔ گنہگار شخصیت، اور کم زور شخصیت۔ گنہگار شخصیت سے مراد وہ شخصیت ہے جو جھوٹ پر بنے۔ جس کے اندر استحصال (exploitation) کا مزاج ہو۔ جو اپنے ذاتی مفاد (interest) کے سوا کسی اور چیز کو نہ جانتا ہو ۔ جو اپنی ذاتی بڑائی کے خول میں جینے والا انسان ہو۔ کم زور شخصیت (weak personality) دراصل منافق شخصیت کا دوسرا نام ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو اندر سے کچھ ہوں اور باہر سے کچھ ۔ جو بناوٹی باتیں کر کے دوسروں کو دھوکے میں رکھیں ۔ جن کے کہنے اور کرنے میں یکسانیت نہ ہو۔ جن کے سامنے ذاتی مفاد کے سوا کوئی اور اصول نہ ہو۔ اس دنیا میں کسی آدمی کے لیے حاصل کرنے کی سب سے بڑی چیز یہ ہے کہ وہ اپنے اندر اعلیٰ انسانی شخصیت کی پرورش کرے۔ یہی لوگ حقیقی انسان کا درجہ رکھتے ہیں۔ یہی لوگ خدا کے تخلیقی پلان (creation plan of God) کے مطابق، مطلوب انسان کہے جا سکتے ہیں ۔ اس کے برعکس، جو لوگ جھوٹ میں جیتے ہوں، جو اپنے مادی مفاد کے لیے ہر اصول کو توڑنے کے لیے تیار ہوں، جن کا واحد مقصد اپنی ذاتی خواہشات کو پورا کرنا ہو، نہ کہ انسانیتِ عامہ کے لیے کام کرنا، ایسے لوگ خدا کی زمین پر ایک بوجھ (liability) کی حیثیت رکھتے ہیں۔ خالق کی مطلوب شخصیت وہ ہے جو اپنے کردار کے اعتبار سے، مضبوط شخصیت (strong personality) ہو، نہ کہ کم زور شخصیت (weak personality)۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 2008 All issues

Printed page