Al-Risala · August 2008 · page 37

مہارت کا زمانہ

الرسالہ، اگست ۲۰۰۸، صفحہ ۳۷

مہارت کا زمانہ

آل انڈیا ریڈیو پر ایک سینئر پروفیسر کی تقریر تھی۔ اپنی تقریر میں وہ بتا رہے تھے کہ قدیم زمانے میں صرف چند جاب (job) ہوا کرتے تھے۔ موجودہ زمانہ جاب ایکسپلوزن (job explosion) کا زمانہ ہے۔ موجودہ زمانے میں ہر طرف جاب کی کثرت ہے، لیکن یہ جاب صرف اُن لوگوں کے لیے ہے جو کسی فن میں مہارت رکھتے ہوں، غیر ماہرین کے لیے موجودہ دنیا میں کوئی بڑا جاب نہیں۔ یہ بتاتے ہوئے انھوں نے کہا:

Our world is a world of skilled man power.

اصل یہ ہے کہ جدید سائنسی دور سے پہلے چیزوں کی معیار بندی (standardization) نہیں ہوئی تھی، اس لیے ہر قسم کے لوگوں کو آسانی سے روزگار مل جاتا تھا۔ لیکن موجودہ زمانے میں ہر شعبے میں معیار بندی کا عمل ہوا ہے۔ اب اُسی چیز کی قیمت ہے جو تسلیم شدہ معیار کے مطابق ہو، جو چیز تسلیم شدہ معیار کے مطابق نہ ہو، آج کی دنیا میں اس کی کوئی قیمت نہیں۔

معیار بندی کا یہ معاملہ ہر چیز میں ہوا ہے، قلم سے لے کر موٹر کار تک، ٹیچنگ سے لے کر مینج مینٹ تک، ایک بلڈنگ کی تعمیر سے لے کر سٹی پلاننگ تک، ہر چیز کا ایک تسلیم شدہ معیار بن گیا ہے۔ ہر چیز کو اِسی معیار پر جانچا جاتا ہے۔ ایسی حالت میں یہ ایک فطری بات ہے کہ اُسی آدمی کو روزگار ملے جو اس معیاری کارکردگی پر پورا اترتا ہو۔

ایسی دنیا میں جو آدمی اپنے لیے روزگار حاصل کرنا چاہے، اُس کو جاننا چاہیے کہ یہاں معیاری کارکردگی کا ثبوت دے کر اس کو روزگار ملے گا، نہ کہ شکایت اور احتجاج میں غیر ضروری طور پر مشغول ہونے سے۔ مہارت کی اہمیت پہلے بھی تھی اور آج بھی ہے، لیکن فرق یہ ہے کہ موجودہ زمانے میں مقابلہ (competition) بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ اس بنا پر موجودہ زمانے میں مہارت کی اہمیت ہمیشہ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ کسی فن میں مہارت پیدا کر لیجیے، اور آپ خود دنیا کی ایک ضرورت بن جائیں گے۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2008 All issues

Printed page