تقلید اور اجتہاد
الرسالہ، فروری ۲۰۰۸، صفحہ ۲۰
خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔ مثلاً گروہ بندی ، تنگ نظری اور تعصب اور کڑ پن ، وغیرہ ۔ تقلید کا یہ منفی نتیجہ آج عام طور پر مسلمانوں میں دکھائی دے رہا ہے۔
تقلید کا دوسرا طریقہ انسانی سماج کی ایک فطری ضرورت ہے۔ انسانی سماج ہمیشہ عوام اور خواص میں بٹا ہوا ہوتا ہے۔ عوام کا حال ہمیشہ یہ ہوتا ہے کہ ان کی پہنچ علم کے سر چشمے تک نہیں ہوتی۔ ان کی یہ ضرورت ہوتی ہے کہ معاملات میں کوئی ان کی رہ نمائی کرتا رہے۔ تقلید کی دوسری قسم اسی ضرورت کی پیداوار ہے۔
یہ تقلید مبنی بر ضرورت ہوتی ہے، مگر اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اس کی ضرورت نہیں کہ چار اماموں کو مجتہد مطلق مانا جائے۔ اور ان کے پیدا کردہ اسکول کو ابدی طور پر معیاری اسکول کا درجہ دے دیا جائے۔ یہ مقصد معاصر علما کے ذریعے پوری طرح حاصل ہو جاتا ہے۔ علم دین کے تسلسل کے نتیجے میں ہر جگہ عالم دین موجود ہوتے ہیں۔ اب عوام کو صرف یہ کرنا ہے کہ اپنے قریبی ماحول میں کسی عالم دین کو وہ اپنا رہ نما بنا لیں اور اس کے ذریعے اپنے معاملات زندگی میں ضروری رہ نمائی حاصل کرتے رہیں۔ اس تقسیم میں کسی عالم کو نہ مقدس کا درجہ حاصل ہوتا ہے اور نہ مجتہد کا۔ یہ علما وقتی طور پر عوام کی ضرورت کو پورا کرتے ہیں اور اس کے بعد دوسرے علما آ جاتے ہیں جو ہر نسل میں لوگوں کی اس ضرورت کو پورا کرتے رہیں۔
اب اجتہاد کو لیجیے ، اجتہاد کوئی پُر اسرار چیز نہیں اور نہ وہ کوئی خطرناک دائرۂ عمل ہے جس میں بعد کے لوگ داخل نہیں ہو سکتے۔ یہ دائرہ آج بھی ہر صاحب علم کے لیے کھلا ہوا ہے، جس طرح وہ پہلے کھلا ہوا تھا۔ اجتہاد ، اسلام کی ایک ناگزیر ضرورت ہے ، وہ اسلام کے اعتقادی تسلسل کے لیے لازمی شرط کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حدیث میں اجتہاد کی اتنی زیادہ حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ درست اجتہاد پر بھی ثواب ہے اور نادرست اجتہاد پر بھی ثواب۔ گویا کہ اس معاملے میں اصل اہمیت کوشش اجتہاد کی ہے۔ یہ کوشش اسلام کے بقا اور ترقی کے لیے اتنا زیادہ ضروری ہے کہ اجتہادی خطا کا رسک لے کر بھی اُس کو جاری رہنا چاہیے (فتح الباری، جلد 13 ، صفحہ 331)۔
‹ Previous page Next page › Contents of February 2008 All issues