Basic Human Values in Islam.
الرسالہ، اپریل ۲۰۰۹، صفحہ ۴۵
خبر نامہ اسلامی مرکز - 192
1- سائی انٹرنیشنل سینٹر (لودی روڈ، نئی دہلی) میں 15 اکتوبر 2008 کو ایک پروگرام ہوا۔ یہ پروگرام انڈیا کے مختلف کیندریہ ودیالیہ کے پرنسپل حضرات کے لیے تھا۔ اس کا عنوان یہ تھا:
Basic Human Values in Islam.
اس کی دعوت پر صدر اسلامی مرکز نے اس میں شرکت کی اور مذکورہ عنوان پر ایک تقریر کی۔ تقریر کے بعد سوال و جواب کا پروگرام ہوا۔ اس موقع پر سی پی ایس کی ٹیم کے افراد بھی وہاں موجود تھے۔ انھوں نے حاضرین کو مطالعے کے لیے دعوتی لٹریچر دیا۔
2- نیشنل بک ٹرسٹ، انڈیا کی جانب سے گڑگاؤں ہریانہ میں 19-11 اکتوبر 2008 کو ایک بک فیئر لگایا گیا۔ یہ بک فیئر گڑگاؤں کے فائیو اسٹار ہوٹل کراؤن پلازہ (The Crown Plaza) کے لان میں لگایا گیا تھا۔ اس بک فیئر میں گڈ ورڈ بکس (نئی دہلی) نے بھی حصہ لیا۔ یہ بک فیئر دعوتی اعتبار سے بہت کامیاب رہا۔ بڑی تعداد میں غیر مسلموں سے اسلام کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اور انٹرایکشن کے درمیان ان کو دعوتی لٹریچر دیا گیا۔ (شاہ عمران حسن) 3- رام لیلا گراؤنڈ (دہلی) کے وسیع میدان میں 19-17 اکتوبر 2008 کو اسلام اور دہشت گردی کے موضوع پر ایک سہ روزہ کا نفرنس ہوئی۔ یہ کانفرنس جمعیت اہل حدیث کی طرف سے کی گئی تھی۔ اس موقع پر رام لیلا گراؤنڈ میں صدر اسلامی مرکز کی مطبوعات اور سی ڈیز پر مشتمل ایک بک اسٹال لگایا گیا۔ لوگوں نے بڑے پیمانے پر وہاں سے اسلامی لٹریچر حاصل کیا۔ سی پی ایس کے ممبران نے کانفرنس کے دوران اردو اور انگریزی زبان میں دعوتی لٹریچر (پمفلٹس، بروشر) مفت تقسیم کیے۔ لوگوں نے اس کو بہت شوق سے لیا۔ لوگوں کی دل چسپی کا حال یہ تھا کہ پہلے ہی مرحلے میں پمفلٹس کا ایک بڑا کارٹن ختم ہو گیا ۔ لوگ اسٹال پر آ کر مزید پمفلٹس حاصل کر رہے تھے۔ 4 - تل ابیب (Tel Aviv) میں قیام امن کے لیے ایک ادارہ قائم ہے۔ اس ادارے کا نام پیریز سینٹر فارپیس (Peres Centre for Peace) ہے۔ اُس کے بانی مسٹر شمعون پیریز ہیں۔ اس ادارے کے تحت، تل ابیب میں ایک انٹرنیشنل پیس کا نفرنس ہوئی۔ اس میں تقریباً 50 ملکوں کے ممتاز افراد شریک ہوئے ۔ یہ کانفرنس 29-27 اکتوبر 2008 کو ہوئی ۔ اس کی دعوت پر صدر اسلامی مرکز نے اس میں شرکت کی۔ اُن کے ساتھ سی پی ایس انٹرنیشنل کی ٹیم کے مزید 6 افراد تل ابیب گئے۔ انھوں نے حاضرین کو مطالعے کے لیے دعوتی لٹریچر، خاص طور پر، قرآن کا نیا انگریزی ترجمہ بڑے پیمانے پر دیا۔ صدر اسلامی مرکز نے اس کانفرنس میں ”امن اور اسلام“ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے ڈسکشن میں بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے بعد انھوں نے مسجد اقصی اور بیت المقدس کا سفر کیا۔ اس سفر کی تفصیلی روداد ان شاء اللہ سفر نامے کے تحت الرسالہ میں شائع کر دی جائے گی۔
‹ Previous page Next page › Contents of April 2009 All issues