Al-Risala · June 2009 · page 24

مفکر کون

الرسالہ، جون ۲۰۰۹، صفحہ ۲۴

مفکر کون

مفکر (thinker) کے لفظی معنی ہیں— غور وفکر کرنے والا۔ اصطلاحی اعتبار سے مفکر کا ایک خاص مفہوم بن گیا ہے۔ اس سے مراد وہ شخص ہے جو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ گہرائی کے ساتھ سوچے، جس کے اندر مربوط فکر (coherent thinking) کی صلاحیت ہو۔ ایک مغربی اسکالر نے مفکر کی تعریف اس طرح کی ہے— مفکر وہ ہے جو متفرق حقیقتوں کو داخلی طور پر ہم آہنگ کل (inter-related whole) بنا سکے۔

جرمن سائنس داں آئن سٹائن (وفات: 1955) کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ :

Einstein was one of the greatest thinkers of the 20th century. یعنی آئن سٹائن بیسویں صدی کا ایک عظیم ترین مفکر تھا۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ آئن سٹائن نے زمان و مکان (time and space) یا حقائق کون کی ایسی سائنسی تعبیر پیش کی جس میں عالمِ کائنات کے متفرق واقعات ایک ہم آہنگ کل کا حصہ نظر آنے لگے۔

یہی اصول اسلامی مفکر کے معاملے میں بھی صادق آتا ہے۔ اسلامی مفکر وہ نہیں ہے جو ردِعمل کی نفسیات کا شکار ہو، جوٹکراؤ کی باتیں کرے، جو نفرت اور سازش اور دشمنی کی اصطلاح میں سوچتا ہو۔ اسلامی مفکر وہ ہے جو اسلام کو ابدی تناظر میں دیکھ سکے، جو انسانی واقعات کو ایک ایسے ہم آہنگ کل میں تبدیل کر سکے جو لوگوں کے اندر مثبت فکر (positive thinking) پیدا کرنے والا ہو، جو تاریخ بشری کی کُلی تعبیر کرے، جو اسلام کو ایک تسلسل کے روپ میں دیکھے، جس میں تہذیب انسانی خود اسلام کا ایک پراسس (process) دکھائی دینے لگے، جو اسلام کو ایک ایسی تعبیر عطا کرے جس میں ماضی بھی پرامید ہو اور حال بھی پرامید اور مستقبل بھی پرامید— مفکر صرف وہ شخص ہو سکتا ہے جس کے اندر اعلی سطح کی مثبت فکر پائی جائے، منفی سوچ (negative thinking) والے آدمی کا کیس منفی ردِ عمل کا کیس ہے، نہ کہ مثبت معنوں میں مفکرانہ شخصیت کا کیس۔

‹ Previous page Next page › Contents of June 2009 All issues

Printed page