کامیاب زندگی کا سفر
الرسالہ، جنوری ۲۰۰۹، صفحہ ۳۲
کامیاب زندگی کا سفر
تمام مقبول ناول وہی ہیں جو ٹریجڈی کے طور پر لکھے گئے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اس دنیا میں ہر آدمی مایوسی کے احساس میں جیتا ہے، اس لیے ٹریجک ناول اس کے مائنڈ کو زیادہ ایڈریس کرتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں، کامیڈی اس کے مائنڈ کو ایڈریس نہیں کرتی۔ اس کا سبب یہ ہے کہ انسان اپنی پیدائش کے اعتبار سے آئڈیل کو چاہتا ہے، لیکن ساری کوشش کے باوجود اس کو دنیا میں صرف آئڈیل سے کم (less than ideal) حاصل ہوتا ہے۔ یہ محرومی اتنی زیادہ عام ہے کہ اس میں کسی عورت، یا مرد کا کوئی استثنا نہیں۔
یہ بلاشبہ انسان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اس مسئلے کا حل صرف اُس وقت معلوم ہوتا ہے، جب کہ اس کو خدا کے تخلیقی پلان (creation plan of God) کی روشنی میں دیکھا جائے۔ اس کے سوا، کوئی بھی طریقہ اس معاملے کی توجیہ نہیں کرتا۔
اصل یہ ہے کہ خدا نے ہر انسان کو معیار پسند (idealist) ہستی کے طور پر پیدا کیا ہے۔ انسان اپنی پیدائش کے اعتبار سے ایک متلاشی معیار حیوان (ideal-seeking animal) ہے۔ لیکن یہ معیار (ideal) موجودہ دنیا میں سرے سے قابل حصول نہیں۔ وہ صرف آخرت میں، جنت کی صورت میں کسی انسان کو مل سکتا ہے۔
خدا کے تخلیقی پلان (creation plan of God) کے مطابق، موجودہ دنیا آزمائش (test) کی دنیا ہے۔ موجودہ دنیا میں انسان کو صرف اِس لیے رکھا گیا ہے، تاکہ وہ اپنے آپ کو جنت کے لیے تیار کرے۔ موجودہ دنیا کے حالات میں جو لوگ اپنے عمل سے اس بات کا ثبوت دیں کہ وہ جنت کی معیاری دنیا میں بسانے کے قابل ہیں، وہ موت کے بعد اس میں بسائے جائیں گے، اور بقیہ لوگوں کو چھانٹ کر الگ کر دیا جائے گا۔
طلب اور مطلوب میں یہی تضاد ہے جو لوگوں کے اندر محرومی کی نفسیات پیدا کر دیتا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 2009 All issues