Al-Risala · August 2010 · page 36

وقت کی اہمیت

الرسالہ، اگست ۲۰۱۰، صفحہ ۳۶

وقت کی اہمیت

امریکا میں وقت کی پابندی کی بہت زیادہ اہمیت ہے، ان کا تصور یہ ہے کہ مقررہ وقت سے پہلے پہنچنے کی کوشش کرو، تا کہ تمھارا وقت پر پہنچنا یقینی ہو جائے۔ امریکی لوگوں کا تصور یہ ہے کہ کسی میٹنگ میں جانا ہے تو تم طے شدہ وقت سے 15 منٹ پہلے پہنچنے کی کوشش کرو۔ اگر تم مقررہ وقت سے 5 منٹ پہلے پہنچے تو گویا کہ تم دس منٹ لیٹ ہو گئے:

If you are five minutes early, you are ten minutes late. زندگی میں وقت کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ ہم جو کچھ کرتے ہیں، وقت کے اندر ہی کرتے ہیں ۔ وقت ختم تو کام بھی ختم ۔ چناں چہ کہا جاتا ہے کہ۔ وقت، دولت ہے: Time is money عربی زبان میں مقولہ ہے کہ: الوقت ہو الحیاة، فلا تقتلوه (وقت ہی کا نام زندگی ہے، تم اس کو ہلاک نہ کرو)۔ یہ بلا شبہ نہایت درست ہے۔

زندگی وقت سے بندھی ہوئی ہے۔ انسان کا کوئی بھی کام وقت ہی کے استعمال کی ایک صورت ہوتی ہے۔ کوئی بھی شخص وقت کو جتنا زیادہ استعمال کر سکے، اتنا ہی زیادہ وہ زندگی میں کامیابی حاصل کرے گا۔

وقت کی یہ اہمیت بتاتی ہے کہ وقت کے بارے میں انسان کو بے حد حساس ہونا چاہئے۔ حقیقت یہ ہے کہ جو آدمی جتنا زیادہ ٹائم کانسس (time-conscious) ہو، اتنا ہی زیادہ وہ باشعور انسان کہا جائے گا۔ ٹائم کانسس ہونا، با اصول انسان کی علامت ہے۔ جو آدمی ٹائم کانسس نہ ہو، وہ بلا شبہ ایک بے اصول انسان ہوگا۔ انسانیت کے اعلیٰ اقدار کی نسبت سے اس کی کوئی اہمیت نہیں۔ موجودہ زمانے میں گھڑی کی ایجاد نے وقت کی پابندی کو بہت زیادہ آسان بنا دیا ہے۔ اسی لیے گھڑی کو ٹائم کیپر (time keeper) کہا جاتا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2010 All issues

Printed page