اپنے پوٹینشل کو ایکچول بنائیے
الرسالہ، مئی ۲۰۱۱، صفحہ ۳۵
اپنے پوٹینشل کو ایکچول بنائیے
ایک ذہین اور تعلیم یافتہ نوجوان سے ملاقات ہوئی ۔ اُن کو دوسروں سے شکایت تھی کہ وہ اُن کا اعتراف نہیں کرتے۔ میں نے کہا کہ اس معاملے میں غلطی آپ کی ہے، دوسروں کی غلطی نہیں۔ آپ اپنے کو اپنے پوٹینشل (potential) کے اعتبار سے دیکھتے ہیں اور دوسرے لوگ آپ کو آپ کے ایکچول (actual) کے اعتبار سے دیکھتے ہیں۔ آپ صرف یہ کیجئے کہ آپ اپنے پوٹینشل کو ایکچول بنائیے، یعنی اپنے امکان کو واقعہ کی صورت دے دیجئے ۔ اس کے بعد آپ کو کسی سے شکایت نہ ہوگی۔ یہی اکثر باصلاحیت لوگوں کا معاملہ ہوتا ہے۔ وہ غیر ضروری طور پر دوسرے لوگوں کی شکایت کرنے لگتے ہیں ۔ وہ فرض کر لیتے ہیں کہ دوسروں کے اندر اعتراف کا مادہ نہیں، مگر اس طرح کے تمام معاملات میں اصل غلطی شکایت کرنے والے کی ہوتی ہے، نہ کہ دوسروں کی۔
یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ اس دنیا میں اپنے امکان کو واقعہ بنانے سے ایک دن پہلے بھی لوگ کسی کا اعتراف نہیں کرتے۔ اس دنیا میں کوئی شخص اپنی امکانی صلاحیت کے اعتبار سے تسلیم نہیں کیا جاتا، دنیا اس کو صرف اُس وقت تسلیم کرتی ہے جب کہ اس نے اپنی امکانی صلاحیت کو مسلسل جدوجہد کے ذریعے ایک کھلا واقعہ بنا دیا ہو۔ لوگ عام طور پر ظاہر بیںہوتے ہیں ۔ وہ امکان کو دیکھ کر رائے قائم نہیں کرتے، بلکہ وہ صرف واقعہ کو دیکھ کر رائے قائم کرتے ہیں۔ ایسی حالت میں انسان کو چاہیے کہ وہ لوگوں کی شکایت نہ کرے، بلکہ وہ قانونِ فطرت (law of nature) کو تسلیم کرتے ہوئے یہ کرے کہ اپنی ساری طاقت اپنے امکان کو واقعہ بنانے میں لگا دے۔ جس دن ایسا ہوگا، اُس دن لوگ کسی اعلان یا مطالبہ کے بغیر آپ کا اعتراف کر لیں گے۔
آدمی کو یہ جاننا چاہیے کہ وہ دوسروں کو بدل نہیں سکتا۔ اِس کے لیے صرف یہ ممکن ہے کہ وہ خود اپنے آپ کو بدل کر ، دوسروں کو بدل جانے پر مجبور کر دے ۔ یہی فطرت کا قانون ہے، اور فطرت کے قانون میں کسی کے لیے کوئی استثنا (exception) نہیں۔