Al-Risala · October 2013 · page

Follow one and respect all.

الرسالہ، اکتوبر ۲۰۱۳

مذاہب ایک ہیں۔ اس لیے کہ مختلف مذاہب کے درمیان اتنا زیادہ فرق ہے کہ ان کو ایک کہنا کسی بھی طرح ممکن نہیں۔ مثلاً کسی مذہب میں توحید (monotheism) کا عقیدہ ہے اور کسی مذہب میں وحدتِ وجود (monism) کا عقیدہ۔ اسی طرح کسی مذہب میں ایک خدا کا تصور ہے اور کسی مذہب میں تین خدا کا تصور۔ اسی طرح کسی مذہب میں نجات کا مدار عمل پر ہے اور کسی مذہب میں نجات کا مدارنسل پر۔ اسی طرح کسی مذہب میں یہ تصور ہے کہ موت کے بعد فوراً دار الجزا شروع ہو جاتا ہے اور کسی مذہب میں اس کے برعکس، پنر جنم (rebirth) کا تصور ہے، وغیرہ۔ مختلف مذاہب کے درمیان اس طرح کے بے شمار تضادات پائے جاتے ہیں۔ ایسی حالت میں یہ کہنا کہ تمام مذاہب ایک ہیں، سرتاسر ایک غیر علمی بات ہے۔ جو لوگ وحدتِ ادیان کی بات کرتے ہیں، اُن کا طریقہ یہ ہے کہ انھوں نے بطور خود مذہب کا ایک خود ساختہ معیار بنایا ہے اور اسی خود ساختہ معیار کے تحت انھوں نے اعلان کر دیا کہ تمام مذاہب ایک ہیں۔ مثلاً یہ قول کہ تمام مذاہب کی منزل ایک ہے، راستے جدا جدا ہیں، یہ صرف ایک تمثیل ہے اور اس طرح کی تمثیل سے کوئی علمی بات ثابت نہیں ہوتی۔ دوسری بات یہ کہ تمام ادیان کو ایک ماننے سے سماجی امن قائم ہو جائے گا۔ یہ حل صورت حال کے غیر واقعی تصور پر مبنی ہے۔ واقعات ثابت کرتے ہیں کہ اختلاف زندگی کا ایک حصہ ہے، نہ کہ صرف مذہب کا ایک حصہ۔ اگر وحدتِ ادیان کے نظریے کو مان لیا جائے، تب بھی لوگوں کے درمیان بے شمار اختلاف موجود رہتے ہیں۔ ایسی حالت میں وحدتِ ادیان کا نظریہ اصل مسئلے کی نسبت سے، ایک غیر متعلق نظریہ ہے، وہ ہرگز اصل مسئلے کو حل کرنے والا نہیں۔ اِس معاملے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے، ایک ایسی مخلوق ہے جو صرف ایک چیز پر کامل یقین رکھ سکتا ہے۔ اس دنیا میں جینے کے لیے آدمی کی یہ ضرورت ہے کہ وہ یقین کرے کہ اس نے واحد سچائی کو پا لیا ہے۔ وہ ٹرتھ وددی کیپٹل ٹی (Truth with the capital T) تک پہنچ گیا ہے۔ اس دریافت کے بغیر انسان اس دنیا میں کامل یقین پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ جو لوگ تعددِ حقیقت (manyness of reality) کی بات کرتے ہیں، جو بظاہر یہ اعلان کرتے ہیں کہ تمام مذاہب سچے ہیں، وہ خود بھی اندر سے صرف ایک سچائی پر عقیدہ رکھتے ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 2013 All issues

Printed page