Al-Risala · October 2013 · page

تاریخِ اسلام: ایک مطالعہ

الرسالہ، اکتوبر ۲۰۱۳

اسی طرح انڈیا کے ایک سیاسی لیڈر ایم این رائے (M. N. Roy) کی کتاب دی ہسٹاریکل رول آف اسلام (The Historical Role of Islam) ہے جو 1939 میں دہلی سے چھپی تھی۔ اس کتاب میں وہ لکھتے ہیں کہ - اسلام کی توسیع تمام معجزات میں سب سے بڑا معجزہ ہے: The expansion of Islam is the most miraculous of all miracles. (p. 4)

حال میں برطانیہ سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے موضوع پر ایک انگریزی کتاب چھپی ہے۔ اُس کا نام یہ ہے:

The Prophet Muhammad: A Biography by Barnaby Rogerson, Little, Brown, UK 2003, p. 240 برطانی مصنف راجر سن نے اپنی اس کتاب میں لکھا ہے کہ - پیغمبر اسلام کو جو عظیم کامیابی حاصل ہوئی، اس کے لحاظ سے وہ بلا شبہ تاریخ کے سپر ہیرو (superhero) تھے۔ تاہم پیغمبر اسلام کی غیر معمولی کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ ان کی یہ کامیابی محض اتفاقی (mere accidental) تھی (صفحہ 4)۔

سیکولر مبصرین عام طور پر اس طرح کے الفاظ بولتے ہیں۔ جس واقعہ کی توجیہ وہ معلوم اسباب کے تحت نہ کر سکیں، اُس کو وہ ’’اتفاق‘‘ کا نتیجہ قرار دے دیتے ہیں۔ مگر اتنا بڑا واقعہ جو پوری تاریخ میں واحد استثنا کی حیثیت رکھتا ہو، وہ محض اتفاق کا نتیجہ نہیں ہو سکتا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک خدائی منصوبہ (divine plan) تھا، جو رسول اور اصحاب رسول کے ذریعے انجام پایا۔ اس کا ظہور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش سے تقریباً ڈھائی ہزار سال پہلے حضرت ابراہیم کے زمانے میں ہوا اور خلافت راشدہ کے زمانے میں اس کی تکمیل ہوئی۔

اللہ کا یہ منصوبہ تھا کہ توحید کی بنیاد پر ایک انقلاب برپا کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے قدیم دور میں اللہ نے بہت سے پیغمبر بھیجے۔ مگر ان پیغمبروں کے ذریعے کوئی ٹیم نہیں بنی۔ اس لیے قدیم زمانے میں مطلوب انقلاب بر پا نہ ہو سکا۔ اس کے بعد اللہ تعالی نے حضرت ابراہیم کے ذریعے ایک نیا منصوبہ بنایا۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 2013 All issues

Printed page