Al-Risala · February 2013 · page

دور سائنس اور مذہب

الرسالہ، فروری ۲۰۱۳

جدید سائنسی دلیل میں ایک مزید پہلو موجود ہے، جس کی بنا پر یہ ہوتا ہے کہ پیش کردہ دلیل بالواسطہ معنوں میں یہ موقع دیتی ہے کہ استنباطی طور پر وہ اصل دعوے کو قابل فہم اور قابل یقین بنادے۔ تاہم جدید سائنسی دلیل میں ایک مزید پہلو موجود ہے، جس کی بنا پر اس کو آرگو منٹ پلس (argument plus) کہا جاسکتا ہے، وہ یہ کہ جدید سائنسی دلیل خود مدعو کے عقلی مسلمہ (rational axiom) کی بنیاد پر قائم ہوتی ہے۔ یہ فرق اُس جدید علم کی بنا پر پیدا ہوا ہے، جس کو نیو کلیئر سائنس کہا جاتا ہے۔ قدیم فزیکل سائنس، عالم کبیر (macro world) کی سطح پر مبنی تھی۔ مگر بیسویں صدی میں اس کے اندر ترقی ہوئی، اور ایک نئی سائنس وجود میں آئی جس کو نیوکلیئر سائنس کہا جاتا ہے۔ نیوکلیئر سائنس کے تحت، انسان اِس قابل ہو گیا کہ وہ عالم صغیر (micro world) تک رسائی حاصل کر سکے، جبکہ اس سے پہلے وہ صرف عالم کبیر تک محدود تھا۔ اُس وقت یہ سمجھا جاتا تھا کہ ہر حقیقی چیز اپنا ایک مادی جسم رکھتی ہے جس کو ناپا اور تولا جا سکے، لیکن عالم صغیر کی دریافت نے یہ صورتِ حال بدل دی۔ اب یہ معلوم ہوا کہ چیزیں اپنے آخری تجزیے میں اتنا زیادہ "صغیر" ہو جاتی ہیں کہ اُن کو صرف امکانی لہروں (waves of probability) کا نام دیا جا سکتا ہے۔

عالم صغیر کے بارے میں اس نئی دریافت نے علم میں جو انقلاب پیدا کیا، اس کا ایک پہلو یہ تھا کہ علمی استدلال کا معیار بدل گیا۔ اب یہ معلوم ہوا کہ استنباطی استدلال بھی اتنا ہی معقول استدلال ہے، جتنا کہ غیر استنباطی استدلال یا براہِ راست استدلال ۔ کیوں کہ علم کا در یا اب جس مقام پر پہنچا تھا، وہاں براہِ راست استدلال کا طریقہ قابل عمل ہی نہ رہا۔ اب لازم ہو گیا کہ استنباطی استدلال کو بھی معقول استدلال کا درجہ دیا جائے، تاکہ نئے دریافت کردہ عالم صغیر کے قوانین کو مرتب کیا جا سکے۔ علمِ انسانی میں اس ارتقا کے بعد یہ ممکن ہو گیا ہے کہ مذہبی عقائد کو عین اُسی سطح پر ثابت شدہ بنایا جاسکے، جس سطح پر مادی دنیا کی چیزوں کو ثابت شدہ بنایا جاتا ہے۔ مثلاً یہ کہنا کہ ــ دنیا میں ڈیزائن کا وجود یہ ثابت کرتا ہے کہ یہاں ایک ڈیزائنر موجود ہے، اپنی نوعیت کے اعتبار سے ویسا ہی ایک معقول استدلال ہے، جیسا کہ مادی دنیا کے بارے میں سائنسی استدلالات۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 2013 All issues

Printed page