کشمیر میں نئی سوچ کی ضرورت
الرسالہ، فروری ۲۰۱۳
کشمیر میں نئی سوچ کی ضرورت
بی بی سی لندن (اردو) کے ویب سائٹ پر 18 دسمبر 2012 کی اشاعت کے تحت ایک رپورٹ آئی ہے۔ یہ رپورٹ جموں و کشمیر کی تحریک کے بارے میں ہے۔ اس کا عنوان ہے ’’عسکری تحریک سے پر امن جدو جہد تک‘‘۔ اس رپورٹ کا متعلقہ حصہ یہاں نقل کیا جاتا ہے: ”بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں مسلح تحریک کا آغاز کرنے والی تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (JKLF) نے اپنے آئین میں تبدیلی کر کے عسکریت پسندی کو اپنے عزائم سے نکال دیا ہے۔ گذشتہ میں سال سے زائد عرصے سے جاری بھارت مخالف تحریک کے پس منظر میں اس کو جے کے ایل ایف کی طرف سے ایک بڑی تبدیلی کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔ تنظیم کے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی کا کہنا ہے کہ جے کے ایل ایف ایک عسکری تحریک تھی۔ اس سے اس نے خود کو ایک پر امن سیاسی تحریک میں بدلا۔ تو اس حوالے سے آئین میں یہ تبدیلی کی گئی کہ جے کے ایل ایف کے مونوگرام میں بندوق کی علامت ختم کر دی گئی اور اس کی جگہ ٹہنی کی علامت شامل کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر گیلانی نے کہا کہ اس علامت کو بدلنے کا مقصد یہ تاثر دینا تھا کہ کشمیری پر امن حل کی طرف جانا چاہ رہے ہیں اور اس کے لیے وہ پہلا قدم اٹھا رہے ہیں، تا کہ بھارت، پاکستان اور بین الاقوامی برادری کو یہ باور کرایا جائے کہ پرامن ذرائع سے مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں۔ جے کے ایل ایف کا کہنا ہے کہ تشدد کے ذریعے مقاصد کا حصول اب دنیا کے لیے قابل قبول نہیں رہا اور اقوام عالم کا مسلسل یہ دباؤ رہا کہ بندوق چھوڑ کر پرامن ذرائع اپنائے جائیں۔ وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے جے کے ایل ایف کے اہم رہنما اور سابق چیف کمانڈر محمد رفیق ڈار کہتے ہیں کہ مغرب خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ اور مشرق وسطیٰ کے کچھ طاقتور ممالک جو مسئلہ کشمیر میں دلچسپی رکھتے تھے اور جن کا پاکستان اور بھارت سے تعلق ہے، ان کی مسلسل کوشش تھی اور اس کے علاوہ ہندوستان کے اندر ایک دانشور طبقہ، جو انسانی حقوق کا بڑا چیمپین ہے، اس کی بھی یہ کوشش تھی کہ امن اور پرامن ذرائع کو ایک موقع دیا جائے۔ خیال رہے کہ آزاد کشمیر کی حامی تنظیم جے کے ایل ایف پہلی تنظیم ہے جس نے 31 جولائی 1988 کو وادی کشمیر میں چار بم دھماکے کر کے ہندوستان کے خلاف اعلان جنگ کیا تھا...“(www.bbc.co.uk/urdu/india)
‹ Previous page Next page › Contents of February 2013 All issues