ایک اور موقع
الرسالہ، مارچ ۲۰۱۴، صفحہ ۴۲
ایک اور موقع
نومبر 2012 میں امریکا کا 57 واں صدارتی الیکشن ہوا۔ اس الیکشن میں براک اوباما دوبارہ چار سال کے لیے امریکا کے صدر منتخب ہوئے۔ براک اوباما کو 6 نومبر 2012 کو جب پہلی بار اپنی جیت کی خبر ملی تو انھوں نے اپنے فیس بک کے اکاؤنٹ پر یہ الفاظ لکھے ــــ چار اور سال: Four more years!
اس بات کا تعلق صرف صدر امریکا سے نہیں، وہ فطرت کا ایک قانون ہے۔ ہر آدمی کی زندگی میں یہ تجربہ پیش آتا ہے کہ اُس کو کام کا ایک مزید وقت‘‘ حاصل ہوتا ہے۔ یہ مزید وقت آدمی کو یہ موقع دیتا ہے کہ وہ پچھلے تجربات سے فائدہ اٹھا کر اپنے عمل کی نئی، زیادہ بہتر منصوبہ بندی کرے۔ جو کچھ وہ گزشتہ کل نہ پاسکا تھا، اس کو وہ آج پانے کی کوشش کرے۔
یہ موقع چار سال یا چار مہینہ یا چار دن کے لیے بھی ہوسکتا ہے۔ آدمی کو چاہئے کہ وہ آنے والے نئے موقع کو پہچانے اور اس کو بھر پور طور پر استعمال کرے۔ تجربہ بتاتا ہے کہ آدمی کی زندگی میں دوسرا موقع (second chance) تو ضرور آتا ہے، لیکن اکثر حالات میں دوسرا موقع اس کے لیے آخری موقع بن جاتا ہے۔ اس کے بعد تیسرا اور چوتھا موقع اس کو نہیں ملتا۔
اکثر حالات میں ایسا ہوتا ہے کہ دوسرا موقع آدمی کے لیے امکانی طور پر پہلے موقع سے بہتر ہوتا ہے۔ آدمی کے لیے یہ ممکن ہوتا ہے کہ وہ پہلے موقع کی غلطی اور خامی کو دوبارہ نہ دہرائے، وہ دوسرے موقع کو زیادہ بہتر طور پر استعمال کرے۔ اسی حقیقت کو ایک فارسی شاعر نے ان الفاظ میں بیان کیا ہے کہ ــــ آرٹسٹ دوسری بار اپنے آرٹ کو زیادہ بہتر بناتا ہے: نقاش نقش ثانی بهتر کشد ز اوّل اس حقیقت کا تقاضا ہے کہ آدمی اس معاملے میں بہت زیادہ سنجیدہ ہو، وہ اپنے ہر لمحے کی قدر کرے، کیوں کہ کھویا ہوا لمحہ دوبارہ واپس آنے والا نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 2014 All issues