امت مسلمہ کا کیس
الرسالہ، مئی ۲۰۱۴
امت مسلمہ کا کیس
قانونِ فطرت کے مطابق، امت مسلمہ کی بعد کی نسلوں میں وہی زوال آنا مقدر تھا جو اس سے پہلے بنی اسرائیل پر آیا۔ زوال کی یہ حالت اپنی آخری صورت میں انیسویں صدی اور بیسویں صدی میں کھل کر سامنے آگئی۔
اب امت کے رہنماؤں کو وہی کرنا تھا جو اس سے پہلے حضرت موسیٰ نے اپنی قوم کے ساتھ کیا تھا، یعنی زمانے کے اعتبار سے امت کو ایک تربیتی کورس سے گزارنا، تاکہ اُن پر قرآن کی یہ آیتِ صادق آجائے: لِيَهْلِكَ مَنْ هَلَكَ عَنْ بَيِّنَةٍ وَيَحْيَى مَنْ حَيَّ عَنْ بَيِّنَةٍ (8:42)۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ امت کے جو نا قابلِ اصلاح افراد ہیں، وہ ختم ہو جائیں اور جو قابلِ اصلاح افراد ہیں، وہ بیدار ہو کر مطلوب رول ادا کرنے کے قابل ہوسکیں۔
غور کرنے سے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ موجودہ زمانے میں اس طریقِ علاج کا بہترین میدان وہ تھا جس کو سیکولر تعلیم کا نظام کہا جاتا ہے۔ یہی تعلیمی نظام مکمل طور پر مسابقت (competition) کے اصول پر قائم تھا۔ یہاں دوسری قوموں کی طرف سے چیلنج کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا تھا۔ یہاں کا فارمولا یہ تھا کہ۔ مقابلہ کر کے زندہ رہو یا مرجاؤ: Compete or perish اس اعتبار سے، موجودہ زمانے کا سیکولر تعلیمی نظام گویا تعلیمی طریقِ علاج (educational therapy) کا میدان بن گیا تھا۔ ضرورت تھی کہ قوم کے تمام نوجوانوں کو اس طریق علاج کے پر اسس سے گزارا جائے۔ لیکن مسلمانوں کے علما اور رہنماؤں نے اس حکمت کو نہیں سمجھا۔ انھوں نے اس معاملے کی حکمت سے بے خبر رہتے ہوئے یہ اعلان کر دیا کہ یہ تعلیمی نظام تمام تر اینٹی مسلم نظام ہے۔ چناں چہ کسی نے اس نظام کو قتل گاہ قرار دیا، اور کسی نے اس کو 'ذہنی ارتداد کا کارخانہ قرار دیا، وغیرہ۔
موجودہ سیکولر تعلیمی نظام میں چیلنج اور مسابقت کا مطلوب ماحول پوری طرح موجود تھا۔ لیکن اس