قریش کلچر
الرسالہ، اکتوبر ۲۰۱۴، صفحہ ۲۷
وہ آج کے انسان کو لاکھوں گنا اضافے کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ قدیم زمانے میں کچھ روایتی سامانوں کو صرف محدود تجارت ہو سکتی تھی۔ بار برداری (transportation) کے لیے بھی صرف اونٹ اور خچر کا ذریعہ دستیاب تھا۔ مگر موجودہ زمانے میں صنعتی انقلاب نے صورت حال کو بالکل بدل دیا ہے۔ موجودہ زمانے کو اقتصادی انفجار (economic explosion) کہا جاتا ہے۔ اب تجارت کی بے شمار صورتیں وجود میں آ گئی ہیں۔ اب ہر انسان کے لیے کمائی کے لامحدود ذرائع کھل گئے ہیں۔ موجودہ زمانے میں اقتصادی ترقی کے جو مواقع پیدا ہوئے ہیں، وہ اتنے زیادہ ہیں کہ قریش کے زمانے کے اقتصادیات (economics) سے اُن کی کوئی نسبت نہیں۔ یہی معاملہ راستوں کے تحفظ کا بھی ہے۔ قدیم زمانے میں اجتماعی تحفظ کا کوئی نظام موجود نہ تھا، ہر شخص اپنے تحفظ کا خود ذمے دار ہوتا تھا۔ اِسی صورت حال کی بنا پر قدیم زمانے میں وہ مسئلہ پیدا ہوا جس کو رہزنی (robbery) کہا جاتا ہے۔ برطانی فلسفی جر می بنتھم (Jeremy Bentham d. 1832) غالباً پہلا شخص تھا جس نے اجتماعی تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ انگلینڈ میں انیسویں صدی میں پاپولیشن ایکسپلوزن ہوا۔ اِس کے بعد وہاں کی سوسائٹی میں جرائم بڑھ گئے۔ اِس وقت وہاں کے ذمے داروں نے محسوس کیا کہ سماجی تحفظ کا باقاعدہ انتظام ہونا چاہیے۔ چنانچہ 1829 میں لندن میں ایک سرکاری تنظیم قائم کی گئی ۔ اِس کا نام یہ تھا: Metropolitan Police Services یہ دنیا میں پولیس کی پہلی سرکاری تنظیم تھی۔ اِس کے بعد دھیرے دھیرے ہر ملک کی حکومت نے اِس کو اختیار کر لیا۔ اِسی انتظام کا یہ نتیجہ ہے کہ آج ہم جب گھر سے باہر نکلتے ہیں تو ہم کو یقین ہوتا ہے کہ سرکاری طور پر قائم شدہ پولیس کا انتظام ہماری حفاظت کرے گا، ملک کے اندر بھی اور ملک کے باہر بھی۔ یہ انتظام اِس سے لاکھوں گنا بڑا ہے جو قدیم زمانے میں قریش کو کعبہ کے متولی ہونے کی بنا پر حاصل تھا۔ قریش کو قدیم زمانے میں اللہ کی جو نعمت حاصل تھی، وہ موجودہ زمانے کے انسان کو بہت زیادہ اضافے کے ساتھ عطا ہوئی ہے۔ ساتویں صدی عیسوی کے قریش کو جو نوازش محدود سطح پر حاصل تھی، وہ موجودہ زمانے میں لامحدود سطح پر عالمی دائرے میں حاصل ہو گئی ہے۔ اِس کا تقاضہ ہے کہ آج انسان زیادہ بڑے پیمانے پر اللہ کا شکر ادا کرے اور زیادہ بڑے درجے میں وہ عبادت الہی کی ذمے داریوں کو پورا کرے۔
‹ Previous page Next page › Contents of October 2014 All issues