Al-Risala · March 2015 · page 7

تکفیر یا تبلیغ

الرسالہ، مارچ ۲۰۱۵، صفحہ ۷

تکفیر یا تبلیغ

خلافتِ راشدہ کے آخری زمانے میں اُس فرقے کا ظہور ہوا جس کو خوارج کہا جاتا ہے۔ خوارج دراصل غلو (extremism) کا شکار تھے۔ وہ ہر گناہ پر لوگوں کو کافر قرار دینے لگے (الذین يكفرون بكل ذنب)۔ اس کے رد عمل میں علماء کے درمیان اس پر بہت زیادہ بحثیں ہوئیں، آخرکار اس دور کے علمائے اس پر اتفاق کر لیا کہ جو شخص قبلہ کی طرف رخ کر کے نماز پڑھے اس کی تکفیر نہیں کی جائے گی۔ امام ابو جعفر الطحاوی (وفات: 321ھ) نے اپنے زمانے کے علما کا موقف بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ : ولا نکفر أحداً من أهل القبلة بذنب، ما لم يستحلہ (شرح عقیدة الطحاویة: 296/1)۔ یعنی ہم کسی اہل قبلہ کی تکفیر کسی گناہ کے ارتکاب پر نہیں کرتے، جب تک وہ اس کو حلال نہ قرار دے۔ علما کے اس متفقہ موقف پر اب ہزار سال گزر چکے ہیں، مگر ابھی تک تکفیر کا ہنگامہ بند نہیں ہوا۔ تکفیر کا غیر اسلامی طریقہ اس کے بعد بھی امت کے درمیان جاری ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اس معاملے میں علما نے جو موقف اختیار کیا، وہ موقف بجائے خود صحیح نہ تھا۔ انھوں نے تکفیر عام کو ناجائز بتایا، مگر اسی کے ساتھ انھوں نے تکفیر مشروط کو جائز قرار دے دیا۔ یہ موقف بجائے خود غلط تھا اس لئے وہ امت میں تکفیر کا دروازہ بند نہ کر سکا۔ صحیح بات یہ تھی کہ علما متفقہ طور پر یہ اعلان کرتے کہ تکفیر کا طریقہ اصلاً ہی ایک غیر اسلامی طریقہ ہے۔ کسی عالم یا مفتی کو شرعی طور پر یہ حق نہیں کہ وہ کسی کو کافر قرار دے۔ کافر قرار دینے کا طریقہ اصحابِ رسول کے درمیان موجود نہ تھا۔ وہ بعد کے زمانے میں امت کے اندر رائج ہوا۔ علما کو یہ کرنا چاہئے تھا کہ وہ متفقہ طور پر یہ اعلان کریں کہ تکفیر کا طریقہ بدعت کا طریقہ ہے۔ اہل ایمان کی ذمے داری یہ ہے کہ وہ لوگوں کے خیر خواہ بنیں، وہ تکفیر کے بجائے تبلیغ کا طریقہ اختیار کریں۔ امت مسلمہ کی ذمے داری صرف یہ ہے کہ وہ تمام انسانوں کو اپنا مدعو سمجھے، وہ لوگوں کے رویہ پر حکم لگانے کے بجائے ان کو اللہ کا پیغام پہنچائے۔ امت مسلمہ کے عمل کی منصوبہ بندی مبنی بر تبلیغ ہونا چاہئے، نہ کہ مبنی بر تکفیر۔ تکفیر اللہ کا کام ہے، تکفیر ہرگز انسان کا کام نہیں۔ اگر تبلیغ مؤثر ثابت نہ ہو تو اس کے بعد مومن کا کام یہ ہے کہ وہ دعا کرتے ہوئے ایسے لوگوں کے معاملے کو اللہ کے حوالے کر دے۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2015 All issues

Printed page