Al-Risala · April 2015 · page 28

قرآنی طریق کار

الرسالہ، اپریل ۲۰۱۵، صفحہ ۲۸

قرآنی طریق کار

قرآن نے جس طرح انسانی زندگی کی ایک آئیڈیالوجی دی ہے، اسی طرح قرآن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس آئیڈیالوجی کے مطابق زندگی گزارنے کا درست طریقہ کیا ہے۔ اگر آدمی قرآن کا نام لے، لیکن وہ طریق کار کے معاملے میں قرآن کے بتائے ہوئے طریقے کی پیروی نہ کرے تو محض قرآن کا نام لینے کی بنا پر اس کا کیس قرآن کا کیس نہیں بن جائے گا۔ طریق کار کے معاملے میں قرآن میں اصولی ہدایات موجود ہیں، اس کے علاوہ قرآن میں پیغمبروں کا جو تذکرہ ہے وہ گویا قرآنی طریق کار کا عملی ماڈل ہے۔ آدمی کو چاہئے کہ وہ اس معاملے میں کھلے ذہن کے ساتھ قرآن کا مطالعہ کرے۔ وہ ایک طرف قرآن سے طریق کار کا اصول دریافت کرے، اور دوسری طرف پیغمبروں کے حالات سے اس کا عملی نمونہ بھی دریافت کرے۔ خدا کی اس دنیا میں کسی انسان کے لیے کامیابی کا یہی واحد طریقہ ہے۔ اس سلسلے میں قرآن کی ایک رہنما آیت یہ ہے: ﴿ وَلَا تُطِعِ الْكَافِرِينَ وَالْمُنَافِقِينَ وَدَعْ أَذَاهُمْ وَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ وَكَفَى بِاللَّهِ وَكِيلاً ﴾ (33:48) اور تم منکروں اور منافقوں کی بات نہ مانو اور ان کے ستانے کو نظر انداز کرو اور اللہ پر بھروسہ رکھو۔ اور اللہ بھروسہ کے لیے کافی ہے۔ قرآن کی اس آیت سے یہ اصول ملتا ہے کہ اہل ایمان کو چاہئے کہ وہ فريق ثانی کی ایذاؤں پر ہر گز دھیان نہ دیں، اور کامل یکسوئی کے ساتھ اپنا مثبت مشن جاری رکھیں۔ اگر وہ ایسا کریں گے تو ان کو لازما اللہ کی مدد حاصل ہوگی۔ وہ اپنی کوتاہیوں کے باوجود اپنے مشن کو پورا کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ اس معاملے کی ایک مثال پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے کا وہ واقعہ ہے جس کو صلح حدیبیہ کہا جاتا ہے۔ صلح حدیبیہ کا واقعہ 6ھ میں پیش آیا۔ اس واقعے کا مختصر ذکر قرآن کی سورہ نمبر 48 میں کیا گیا ہے اور اس کی تفصیل سیرت کی کتابوں میں ملتی ہے۔ اس واقعے سے زندگی کا ایک اہم اصول معلوم ہوتا ہے، وہ یہ کہ اجتماعی زندگی میں امن (peace) صرف یک طرفہ شرطوں کو ماننے سے قائم ہوتا ہے، دو طرفہ شرطوں (bilateral conditions) کی بنیاد پر کبھی امن قائم نہیں ہو سکتا۔ یہی فطرت کا اصول ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of April 2015 All issues

Printed page