قرآن کو کتاب مہجور بنانا
الرسالہ، جنوری ۲۰۱۵، صفحہ ۲۵
یہی معاملہ پورے فقہی نظام کا ہے۔ قرآن میں تفکر اور تدبر او تعقل کو اہم ترین درجہ دیا گیا ہے، لیکن فقہ میں اس مضمون کا کوئی باب موجود نہیں۔ قرآن کے اعتبار سے معرفت اور دعوت دین کا ستون ہے، مگر فقہ میں معرفت اور دعوت کے ابواب حذف ہیں۔ فقہ میں اتفاق رائے سے یہ مسئلہ وضع کیا گیا کہ شاتمِ رسول کو بطورِ قتل کر دیا جائے، مگر قرآن میں سرے سے اس مسئلہ کا کوئی ذکر نہیں۔ فقہ میں یہ قانونی دفع شامل کی گئی کہ ارتداد کرنے والے کو قتل کر دیا جائے، مگر قرآن میں کوئی ایسا حکم سرے سے موجود نہیں، وغیرہ۔ یہ فقہِ رسول اللہ کے تقریباً ڈیڑھ سو سال بعد عباسی دور میں ڈیولپ ہوئی۔ اس فقہ کے واضعین کو امام اور مجتہد کہا جانے لگا۔ اعلان کے ساتھ یا بلا اعلان، یہ سمجھا جانے لگا کہ فقہا نے قرآن کے احکام کو فقہ میں تفصیل کے ساتھ مدون کر دیا ہے۔ اب امت کو اپنا دین فقہ سے اخذ کرنا ہے۔ اس طرح بعد کو تیار ہونے والی فقہ، دین کا ماخذ بن گئی، اور قرآن عملاً برکت اور تلاوت کی کتاب بن گیا۔ یہی وہ صورت حال ہے جس کو قرآن کی مذکورہ آیت میں اس طرح بیان کیا گیا ہے کہ قیامت میں جب تمام پیغمبر اپنی اپنی امتوں کے بارے میں یہ بتائیں گے کہ انھوں نے اپنی امت کو وہی دین دیا تھا جو اللہ نے ان پر نازل کیا تھا، لیکن بعد کے زمانے میں امت نے دین کا ایک خود ساختہ ورژن (version) تیار کر لیا، اور دین کے نام پر اس پر قائم ہو گئے۔ یہی معاملہ خود پیغمبرِ اسلام کے ساتھ پیش آئے گا۔ حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ نے اپنی امت کے بارے میں فرمایا: لتتبعن سنن من كان قبلکم (صحیح البخاري: 7320)۔ یہ ایک پیشگی خبر تھی جو حرف بحرف پوری ہوئی ۔ امتِ محمدی نے اپنے زوال کے دور میں وہی کیا، جو پچھلے پیغمبروں کی امتوں نے اپنے زوال کے زمانے میں کیا تھا۔ البتہ یہاں ایک فرق ہے، وہ یہ کہ پیغمبر اسلام کا لایا ہوا قرآن پوری طرح محفوظ ہے، آپ کی سنت بھی پوری طرح محفوظ ہے۔ اس طرح یہ امکان ہمیشہ باقی رہے گا کہ قرآن و سنت کے مطالعہ سے دینِ محمدی کو دوبارہ دریافت کیا جائے، اور اس کو اصل صورت میں اختیار کیا جائے۔ قرآن و سنت کا محفوظ ہونا، اس بات کی ضمانت ہے کہ مجموعہ کی سطح پر خواہ بگاڑ آجائے، لیکن افراد کی سطح پر ہمیشہ امت میں ایسے افراد موجود رہیں گے، جو اصل دین کو دوبارہ دریافت کریں، اور اس کے کامل پیرو بن جائیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 2015 All issues