Al-Risala · January 2015 · page 26

ذہنی سکون

الرسالہ، جنوری ۲۰۱۵، صفحہ ۲۶

ذہنی سکون

قرآن کی سورہ الرعد کی ایک آیت یہ ہے:اَلَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا وَتَطۡمَئِنُّ قُلُوۡبُهُمۡ بِذِكۡرِ اللّٰهِ ؕ اَلَا بِذِكۡرِ اللّٰهِ تَطۡمَئِنُّ الْقُلُوۡبُ (13:28) یعنی وہ لوگ جو ایمان لائے اور جن کے دل اللہ کی یاد سے مطمئن ہوتے ہیں۔ سنو، اللہ کی یاد ہی سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ قرآن کی اس آیت میں اطمینان قلب سے مراد ذہنی سکون (peace of mind) ہے۔ انسان جب ذہنی سکون سے محروم ہوتا ہے تو اس کا سبب صرف ایک ہوتا ہے، اور وہ ہے خدا کے تخلیقی نقشہ (creation plan) پر راضی نہ ہونا۔ انسان جب خدا کے تخلیقی نقشہ پر راضی ہوجائے تو اسی کا نام ذہنی سکون ہے، اور جب خدا کے تخلیقی نقشہ پر راضی نہ ہو تو اس سے وہ چیز پیدا ہوتی ہے جس کو ذہنی سکون سے محرومی کہا جاتا ہے۔ اصل یہ ہے کہ انسان ایک آزاد مخلوق ہے۔ اس کے اندر ذاتی سوچ (self-thinking) کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ دنیا اس کی سوچ سے مطابقت کرے۔ وہ اپنی خواہش کے مطابق ایک دنیا بنائے، اور اس کے اندر وہ زندگی گزارے۔ مگر عملاً ایسا نہیں ہوتا۔ اس لیے وہ ذہنی پریشانی میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ انسان کے سوا جو دنیا ہے، اس میں ہر جگہ امن (peace) پایا جاتا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ بقیہ دنیا مکمل طور پر خالق کے آگے سرینڈر کئے ہوئے ہے۔ انسان اپنی آزادی کی بنا پر خالق کے آگے سرینڈر کرنا نہیں چاہتا، یہی غیر مطابقت وہ چیز ہے جو انسان کو اطمینان قلب سے محروم کر دیتی ہے۔ اس مسئلہ کا حل صرف ایک ہے، اور وہ یہ کہ انسان اپنے شعور کو اتنا زیادہ ترقی یافتہ بنائے کہ وہ خدائی تخلیق کی حکمت کو سمجھ سکے۔ اس کا ذاتی شعور خدا کے برتر شعور سے ہم آہنگ ہو جائے۔ جو آدمی ذہنی ارتقا (intellectual development) کی اس سطح تک پہنچ جائے، وہ کائنات کی اس حقیقت (reality) کو شعوری طور پر دریافت کر لے گا اور پھر وہ بھی اسی طرح خالق کے آگے سرینڈر کر دے گا جس طرح بقیہ کائنات خالق کے آگے سرینڈر کئے ہوئے ہے۔ یہی وہ روش ہے جس کے نتیجہ کا نام اطمینان قلب یا ذہنی سکون ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2015 All issues

Printed page