Al-Risala · December 2015 · page 40

عبادت ، دعوت

الرسالہ، دسمبر ۲۰۱۵، صفحہ ۴۰

عبادت ، دعوت

اسلام میں نماز اور روزہ بھی عبادت ہے، اور دعوت الی اللہ کا کام بھی عبادت ہے۔ مگر دونوں میں یک فرق ہے۔ نماز اور روزہ جیسا عمل کامل طور پر اللہ کے لیے ہوتا ہے۔ اس میں انسان کی ساری توجہ ایک اللہ کی طرف ہوتی ہے۔ وہ اللہ سے سب سے زیادہ محبت کرنے لگتا ہے، اور اللہ سے سب سے زیادہ ڈرنے لگتا ہے۔ یہی ان عبادات کا کمال ہے۔

دعوت الی اللہ بھی ایک عبادت ہے مگر یہاں ایک فرق ہے۔ دعوت کا عمل انسان کے اوپر کیا جاتا ہے۔ دعوت کا نشانہ یہ ہوتا ہے کہ اللہ کا پیغام مدعو کے دل میں اتر جائے۔ مدعو اپنے آپ کو اللہ کے رنگ میں رنگ لے۔

دعوت کا معیار داخلی نیت کے اعتبار سے یہ ہے کہ وہ اللہ کے لیے ہو، لیکن ظاہر کے اعتبار سے داعی کی سرگرمیوں کا نشانہ انسان ہوتا ہے۔ اس لیے دعوت کی کامیابی کا معیار یہ ہے کہ وہ مکمل طور پر انسان فرینڈلی (human-friendly) ہو۔ وہ یک طرفہ طور پر انسان کی خیر خواہی کے جذبے پر مبنی ہو۔

یہی وجہ ہے کہ دعوت الی اللہ کا کام صبر کے بغیر انجام نہیں دیا جا سکتا۔ اسی لیے دعوت کا حکم دیتے ہوئے قرآن میں یہ الفاظ آئے ہیں: ﴿وَلِرَبِّكَ فَاصْبِرْ﴾ (74:7) داعی اپنے مدعو سے کسی شرط کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔ داعی کو یک طرفہ طور پر خود یہ ذمہ داری لینا ہوتا ہے کہ داعی کی بات مدعو کے دل میں اتر جائے۔ داعی کے اندر اگر یک طرفہ خیر خواہی کا جذبہ نہ ہو تو وہ کبھی دعوت کا کام حقیقی طور پر انجام نہیں دے سکتا۔ قرآن میں داعی کو ناصح (7:68) کہا گیا ہے۔ ناصح کا مطلب خیر خواہ (well-wisher) ہے۔ داعی کے لیے ضروری ہے کہ وہ یک طرفہ طور پر مدعو کا خیر خواہ ہو۔ اس ایک طرفہ خیر خواہی کے بغیر کوئی شخص اللہ کی نظر میں داعی کا مقام نہیں پا سکتا۔ داعی کے لیے ضروری ہے کہ وہ مدعو کی ہدایت کا حریص (9:128) بن جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of December 2015 All issues

Printed page