Al-Risala · December 2015 · page 41

شیطان کا طریقہ

الرسالہ، دسمبر ۲۰۱۵، صفحہ ۴۱

شیطان کا طریقہ

قرآن میں بار بار بتایا گیا ہے کہ انسان کا اصل دشمن شیطان ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ سب سے زیادہ شیطان کے معاملے میں ہوشیار رہے۔ جس نے اپنے آپ کو شیطان کے فریب سے بچایا، وہی اللہ کی نظر میں کامیاب انسان ہے۔ شیطان کے بہکانے کا طریقہ کیا ہے۔ یہ طریقہ قرآن کی اس آیت سے معلوم ہوتا ہے: وَشَارِكْهُمْ فِي الْأَمْوَالِ وَالْأَوْلَادِ وَعِدْهُمْ ۔ (64: اور مال اور اولاد میں ان کا شریک بن جا، اور ان سے وعدہ کر۔

قرآن کی اس آیت میں مال اور اولاد کا لفظ علامتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کے تمام معاملات میں اس کے ساتھ شامل ہو جا۔ وعدہ کا لفظ یہاں آمانی کے مفہوم میں ہے۔ یعنی لوگوں کو خوش فہمی (wishful thinking) میں مبتلا کرنا۔ یہ وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے شیطان لوگوں کو راستے سے بھٹکا دیتا ہے۔

شیطان کے بہکانے کا طریقہ یہ نہیں ہے کہ وہ ایک خارجی شخص کی حیثیت سے لوگوں کے پاس آئے، لوگ اس سے باخبر ہوں کہ یہ شیطان ہے، پھر وہ لوگوں کو خارجی مشورہ کے ذریعے گمراہی میں ڈال دے۔ شیطان آدمی کے پاس ایک خارجی مشیر کی حیثیت سے نہیں آتا۔ بلکہ وہ انسان کے ذہن میں داخل ہو کر اس کی سوچ کو متاثر کر کے اس کو ایسا بنا دیتا ہے کہ وہ جو کچھ کریں، اس طرح کریں جیسے کہ وہ جو کچھ کر رہے ہیں، وہ خود اپنی سوچ کے تحت کر رہے ہیں۔

مثلاً ایک شخص کو دوسرے شخص سے ایک ذاتی شکایت پیدا ہوئی ۔ اس وقت شیطان اس کی سوچ میں داخل ہو کر اس کو اس طرح متاثر کرتا ہے کہ وہ یہ سمجھے کہ اس کی سوچ ایک درست (genuine) سوچ ہے۔ یہی شیطانی تزئین ہے۔ اس وقت جو آدمی اس راز کو جان لے کہ میں شیطان کی مداخلت سے ایسا سوچنے لگا ہوں، اس نے اپنے آپ کو ہلاکت سے بچایا، اور جو آدمی اس طرح نہ سوچے، وہی وہ شخص ہے جو ہلاک ہوا۔

‹ Previous page Next page › Contents of December 2015 All issues

Printed page