Al-Risala · February 2015 · page 28

اٹلی اور اسپین کا دعوتی سفر

الرسالہ، فروری ۲۰۱۵، صفحہ ۲۸

اٹلی اور اسپین کا دعوتی سفر

گڈ ورڈ بکس اور سی پی ایس انٹرنیشنل کے تحت بڑے پیمانے پر ترجمہ قرآن کی نشر و اشاعت کا کام ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں مقامی پروگراموں کے علاوہ، اسفار کے ذریعے بھی ملک اور ملک کے باہر کے مختلف مقامات پر یہ کام کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں نومبر 2014 میں میرا یورپ اور ایشیا کے مختلف ملکوں کا سفر ہوا—اٹلی، اسپین، ترکی اور دبئی۔

میرے اٹلی کے سفر کا محرک ایک پروگرام تھا۔ یہ پروگرام 17 جولائی 2014 کو اسلامی مرکز (نئی دہلی) میں ہوا۔ اس میں اٹلی کے اسپرپچول رہنما مسٹر ماریو (Mario) کی قیادت میں اٹلی کے 90 مسیحی خواتین و حضرات شامل تھے۔ اس موقع پر امن اور اسلام اور اسپرچولٹی کے موضوع پر مولانا وحید الدین خاں کی ایک تقریر ہوئی۔ پروگرام کے خاتمے پر اٹلیین گروپ کے تمام خواتین و حضرات کو دعوتی لٹریچر اور قرآن کا انگریزی ترجمہ دیا گیا۔ لیکن مجھے یہ احساس ہوا کہ اطالوی (Italian) زبان میں ترجمہ قرآن ان کے لیے زیادہ قابل فہم ثابت ہوگا۔ اُس وقت میرے دل میں یہ جذبہ پیدا ہوا کہ اردو، ہندی، انگریزی، وغیرہ کے بعد اب ضرورت ہے کہ اطالوی اور دوسری یورپی زبانوں میں بھی قرآن کا ترجمہ شائع کیا جائے۔ اس سلسلے میں تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ اطالوی زبان میں قرآن کے کئی تراجم موجود ہیں۔ اُن میں سب سے معروف ترجمہ وہ ہے جو اٹلی کے ایک نومسلم مسٹر حمزہ (Hamza Roberto Piccardo) نے تیار کیا ہے۔ چناں چہ میں نے ارادہ کیا کہ یورپ کے سفر کے دوران مترجم سے ضرور ملاقات کی جائے اور اُن سے اس ترجمے کی اشاعت کی اجازت حاصل کر کے اس کو شائع کیا جائے۔

میرے اندر اٹلی جانے کا ابتدائی محرک اپریل 2014 میں پیدا ہوا تھا۔ اُس وقت میں پیرس میں تھا۔ یہاں اٹلی کے چند مسلمانوں سے ملاقات ہوئی—ابراہیم شبانی، فواد سلیم اور عزالدین۔ مسٹر ابراہیم شبانی اٹلی میں ایک ادارے کے ذمہ دار ہیں۔ اس ادارے کا نام یہ ہے: المركز الاسلامي بسيستو - ميلانو (Centro Islamico di Sesto S.G. Milano)

‹ Previous page Next page › Contents of February 2015 All issues

Printed page