Al-Risala · September 2016 · page 23

دعوت کا معیار

الرسالہ، ستمبر ۲۰۱۶، صفحہ ۲۳

دعوت کا معیار

موجودہ زمانے میں اسلام کی دعوت اور اشاعت کے لیے کافی کام ہورہا ہے۔ لیکن ایک میدان ابھی تک باقی ہے، اور وہ ہے :

To present Islam at the modern intellectual level یعنی آج کے فکری مستوی پر اسلام کو قابل فہم (understandable) بنانا۔ دعوت کا کام میرے نزدیک صرف تبلیغ کا کام نہیں ہے۔ بلکہ یہ ہے کہ مدعو کے لیے اسلام کو قابل فہم (understandable) بنایا جائے۔ اور یہ اسی وقت ہوسکتا ہے، جب کہ اسلام کو اس اسلوب میں پیش کیا جائے، جو مدعو کے مائنڈ کو ایڈریس کرنے والا ہو۔ دعوت کے بارے میں اسی حقیقت کو قرآن میں ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: وَقُلْ لَّهُمْ فِيْ أَنْفُسِهِمْ قَوْلًا بَلِيْغًا (النساء: 63)۔ یعنی اور ان سے ایسی بات کہو جوان کے دلوں میں اتر جائے۔

یہ کام وقت کا سب سے بڑا کام ہے۔ مگر اس کام کو مؤثر طور پر کرنے کے لیے ایک قربانی درکار ہے۔ وہ یہ کہ داعی کوالٹی (quality) کو کام سمجھے، نہ کہ کوانٹٹی (quantity) کو۔ اگر آپ جدید دور کے چند آدمی کو اسلام کی سچائی پر مطمئن کرسکیں تو بلاشبہ یہ آپ کے لیے بہت بڑا rewarding کام ہوگا۔

دعوت کا معیار قرآن میں یہ بتایا گیا ہے کہ مدعو کے پاس اس کے بعد کوئی حجت یا عذر باقی نہ رہے (النساء: 163)۔ دعوت کا یہ معیار بتاتا ہے کہ دعوت کو مدعو کے فکری مستویٰ کے مطابق کیا جانا چاہیے۔ اس کے بغیر جو دعوتی کام کیا جائے وہ مدعو کے لیے حجت نہیں بن سکتا۔ مثلاً آپ قرآن کو ساری قوموں کے درمیان ڈسٹری بیوٹ کریں، لیکن یہ قرآن صرف عربی زبان میں ہو تو وہ مدعو کے لیے حجت نہیں بن سکتا۔ حجت کے درجے کا دعوتی کام وہی ہے جو مدعو کی قابل فہم زبان میں ہو۔ زبان کے اعتبار سے بھی اور اسلوب (idiom) کے اعتبار سے بھی۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 2016 All issues

Printed page