جنگ کے تین دور
الرسالہ، اکتوبر ۲۰۱۶، صفحہ ۱۶
نظر یہ عملاً ناکام ہونے کے باوجود بدستور جاری ہے۔ اُس کا سبب یہ ہے کہ اسلام کی سیاسی تعبیر کرنے والوں نے اپنی اِس تعبیر کو عقیدہ کا مسئلہ بنا دیا۔ قدیم تاریخ میں جنگ ہمیشہ دنیاوی نشانہ کی بنیاد پر ہوتی تھی ۔ جب لوگوں نے دیکھا کہ ان کا دنیاوی نشانہ ناقابلِ حصول بن چکا ہے۔ جمہوریت (democracy)، اور اقوامِ متحدہ (UNO) نے عملاً اس کو ناممکن بنا دیا کہ کوئی قوم دوسری قوم کے علاقہ (territory) پر مستقل قبضہ قائم کرسکے، تو اس کے بعد عملآ سیاسی جنگ کے دور کا خاتمہ ہو گیا۔ اسی طرح پہلی عالمی جنگ اور دوسری عالمی جنگ نے ثابت کر دیا کہ انسانوں کی طبقاتی تقسیم صرف ایک مفروضہ ہے، وہ کوئی قابلِ عمل نظریہ نہیں تو اس کے بعد کمیونزم کی عالمی تنظیم (کمیونسٹ انٹرنیشنل) ایک ناقابلِ عمل نظریہ کی حیثیت سے ختم ہو گیا، اور اسی کے ساتھ طبقاتی جنگ کا نظریہ بھی۔ اسلام کی سیاسی تعبیر کا نظریہ پیش کرنے والوں کے نزدیک اسلام ایک مکمل نظام صرف اس معنی میں نہیں ہے کہ وہ ان کے نزدیک ایک متبادل سوشیو پولیٹیکل سسٹم ہے۔ بلکہ اسی کے اوپر اہلِ ایمان کی ابدی نجات کا انحصار ہے، یعنی ان کو کامیاب بنانے کے لئے یہی واحد نصب العين ہے۔ یعنی اگروہ اسلام کو ایک مکمل نظام کی حیثیت سے قائم کرنے کی کوشش کریں تو ان کے لئے آخرت میں ابدی جنت ہے، اور اگر وہ ایسا نہ کریں تو ان کے لئے ابدی جہنم۔ اسلام کی اِس سیاسی تعبیر کے مطابق اہلِ ایمان کے لئے صرف دو میں سے ایک کا آپشن (option) رہ گیا، یا تو اسلام کے عالمی نظام کو عملاً قائم کر ڈالنا، یا اس نشانے کو حاصل کرنے کے لئے وہ غیر مختتم طور پر ٹکراؤ کو جاری رکھیں۔ باعتبار عقیدہ ان دو کے سوا کوئی تیسرا آپشن ان کے لئے ممکن نہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اسلام کی سیاسی تعبیر کے مطابق یہ معاملہ جنگ ورسس آئیڈیالوجی کا معاملہ ہے، وہ جنگ ورسس جنگ کا معاملہ نہیں۔ آپ جنگ کر کے ان کو ہلاک کر سکتے ہیں، لیکن اس کے بعد جو لوگ بچیں گے، وہ بدستور اسی راستے پر چلتے رہیں گے۔ کیوں کہ ان کے نزدیک اس مقدس جنگ میں ہلاک ہونا جنت میں فوری داخلہ (instant entry) کا معاملہ ہے، نہ کہ معروف معنوں میں ہلاکت کا معاملہ۔ اپنے عقیدے کے اعتبار سے وہ سمجھتے ہیں کہ ہلاک کرنے والوں نے ان کو ہلاک نہیں کیا، بلکہ شہید کا درجہ دے کر ان کی منزلِ مقصود، جنت میں پہنچا دیا۔
‹ Previous page Next page › Contents of October 2016 All issues