ایکٹنگ ، ان فولڈنگ
الرسالہ، ستمبر ۲۰۱۷، صفحہ ۴۵
ایکٹنگ ، ان فولڈنگ
موجودہ زمانہ پروفیشنلزم کا زمانہ ہے۔ دنیا میں بہت سے مواقع کھلے ہوئے ہیں جہاں آدمی اپنے آپ کو اہل ثابت کرکے کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ چناں چہ ہر آدمی اپنی زندگی کے آغاز میں اپنے لیے کوئی پروفیشن طے کرتا ہے، اور اس کے مطابق اپنے آپ کو تیار کرتا ہے۔ اسی کے مطابق تعلیم، اور اسی کے مطابق تربیت، اسی کے مطابق وہ اپنے کیریکٹر کو بناتا ہے۔ تاکہ وہ جب اپنے مطلوب میدان میں داخل ہو تو وہاں اس کو زیادہ سے زیادہ قیمت مل سکے۔
چناں چہ موجودہ زمانے میں ہر چیز ایک پروفیشن بن چکی ہے۔ ہر ایک کا ایک میدانِ عمل (workplace) ہے، اب اسی کے مطابق ہر آدمی اپنے آپ کو تیار کرتا ہے۔ مثلاً لیڈر کا ورک پلیس ووٹر کمیونٹی ہے۔ ایجوکیٹر کا ورک پلیس ایجوکیشنل ادارے ہیں۔ بزنس مین کا ورک پلیس اس کے کسٹمر ہیں، وغیرہ۔ ہر آدمی اپنے آپ کو اپنے منتخب ورک پلیس کے مطابق تیار کرتا ہے۔ تاکہ وہ اپنے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ مطمئن کر کے اپنے آپ کو کامیاب بنا سکے۔
اس پروفیشنل کلچر نے ہر آدمی کو عملاً گویا ایکٹر بنا دیا ہے۔ ہر آدمی اپنے آپ کو کسی دوسرے کے لیے تیار کر رہا ہے۔ خود اپنی فطری شخصیت کی ان فولڈنگ (unfolding) ہر ایک کا اصل کام تھا، مگر کوئی نہ اس کام کو جانتا ہے، اور نہ اپنے آپ کو اس کے لیے تیار کرتا ہے۔ خالق نے ہر فرد کو فطری طور پر کچھ صلاحیتوں کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ اس دنیا میں ہر آدمی کا پہلا کام یہ ہے کہ وہ اپنے اس فطری امکان (natural potential) کو دریافت کرے، اور اس فطری امکان کو واقعہ بنائے۔ اس اعتبار سے دنیا میں ہر عورت اور مرد کا اصل کام اپنی انفولڈنگ ہے۔ یعنی اپنی فطرت میں چھپے ہوئے امکانات کو واقعہ (actual) بنانا۔ آدمی ایکٹر دوسروں کی نسبت سے بنتا ہے، جب کہ انفولڈنگ خود اپنی فطرت کے تقاضے کے مطابق ہوتی ہے۔ اسی لیے پروفیشنلزم کے ذریعہ آدمی دنیوی ترقی کرسکتا ہے، لیکن وہ یقین اور اعتماد کا سرمایہ حاصل نہیں کرسکता۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 2017 All issues