Al-Risala · January 2019 · page 38

الرساله مشن کے متعلق بعض سوالات

الرسالہ، جنوری ۲۰۱۹، صفحہ ۳۸

ثابت ہوتی ہے : لَّيْسَ بِأَمَانِيِّكُمْ وَلَا أَمَانِيِّ أَهْلِ الْكِتَابِ مَنْ يَعْمَلْ سُوءًا يُجْزَ بِه یعنی نہ تمھاری آرزوؤں پر ہے اور نہ اہل کتاب کی آرزوؤں پر۔ جو کوئی بھی بُرا کرے گا وہ اس کا بدلہ پائے گا۔ یہ عقیدہ بالکل بے بنیاد ہے کہ مسلمان خود اپنی پیدائش کے اعتبار سے منتخب گروہ بن چکے ہیں ۔ اور ان کی جنتیں رزرو (reserve) ہیں ۔ یہ عقیدہ سرتا سر بے بنیاد ہے ۔ یہ عقیدہ بھی ایک بے بنیاد عقیدہ ہے کہ کچھ ظاہری رسوم و رواج کی تعمیل ، یا کسی کلچرل شناخت کو اختیار کرنا آدمی کو جنت کا سرٹیفکیٹ دے دیتا ہے ۔ جنت نفوس مزکیٰ کے لیے ہے، نہ کہ کسی کلچرل گروہ کے لیے (طہ، 20:76)۔ البتہ ایک اور پہلو ہے جس کے اعتبار سے مسلمانوں کو دوسروں کے مقابلے میں موافق حیثیت (advantageous position) حاصل ہے۔ وہ یہ کہ دوسروں کے برعکس، مسلمانوں کا ذہن اسلام کے خلاف تعصب سے خالی ہوتا ہے ۔ اس بنا پر مسلمان ممکن طور پر اس قابل رہتے ہیں کہ وہ کسی نفسیاتی رکاوٹ کے بغیر اس بارے میں غور و فکر کا صحیح نقطہ آغاز پالیں۔ حدیث میں آیا ہے : كُلُّ مَوْلُودٍ يُولَدُ عَلَى الْفِطْرَةِ، فَأَبَوَاهُ يُهَوِّدَانِهِ أَوْ يُنَصِّرَانِهِ أَوْ يُمَجِّسَانِهِ (صحیح البخاری، حدیث نمبر 1385)۔ یعنی ہر پیدا ہونے والا فطرت صحیحہ پر پیدا ہوتا ہے۔ پھر اس کے ماں باپ اس کو یا تو یہودی بنا دیتے ہیں۔ یا نصرانی بنا دیتے ہیں، یا مجوسی بنا دیتے ہیں۔ اصل یہ ہے کہ ہر پیدا ہونے والا کسی خاندان میں پیدا ہوتا ہے اور کسی سماج میں اس کی پرورش ہوتی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ہر آدمی بچپن ہی سے متاثر ذہن کا حامل بن جاتا ہے ۔ یہ وہی چیز ہے جس کو موجودہ زمانے میں کنڈیشننگ (conditioning) کہا جاتا ہے۔ چنانچہ ہر آدمی بلا استثنا کنڈیشننگ کا ایک کیس ہوتا ہے۔ آدمی کی کنڈیشننگ جس ماحول میں ہوتی ہے ، اُسی ماحول کے اعتبار سے اس کی شخصیت بن کر تیار ہوتی ہے۔ کنڈیشننگ کے اس عمل کا نتیجہ یہ بھی ہوتا ہے کہ اس کو اپنے خاندانی مذہب کے ساتھ متعصبانہ حد تک جذباتی تعلق ہو جاتا ہے، اور دوسرے مذہب کے بارے میں وہ منفی ذہنیت کا حامل بن جاتا ہے۔ یہ کنڈیشننگ کسی غیر مسلم کے لیے اس میں رکاوٹ بن جاتی ہے کہ وہ اسلام کے بارے میں غیر متاثر ذہن کے ساتھ سوچ سکے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2019 All issues

Printed page