قابلِ تقلید طریقہ : رمضان کا کریٹیو استعمال
الرسالہ، مئی ۲۰۲۰، صفحہ ۴۹
قابلِ تقلید طریقہ : رمضان کا کریٹیو استعمال
السلام علیکم، آج (15.05.19) مجھے ایک گھر کے اندر خواتین کے درمیان درس کا موقع دیا گیا، اس میں میرا موضوع تھا : پوسٹ رمضان دعوہ پلاننگ۔ اس موقع پر میں نے آپ کی کتاب ’’صومِ رمضان‘‘ اور الرسالہ جون 2019 سے پوائنٹس لیا، اور ٹھہراؤ کے ساتھ پر اثر انداز میں ان کو بیان کیا۔ عورتوں نے پوائنٹس اور انداز دونوں کو بہت پسند کیا۔ اس گھر کی بڑی لڑکی، جوامریکا رہتی ہے، اس وقت آئی ہوئی تھی، اور پروگرام میں شریک تھیں۔ وہ اس تقریر سے بہت زیادہ متاثر ہوئی۔ تقریر ختم ہونے کے بعد وہ بہ اصرار پوچھنے لگی کہ یہ کون عالم دین ہیں، جو اتنے فطری انداز میں اسلام کی تعلیمات کو بتاتے ہیں۔
پھر اس خاتون نے آپ کی کتابوں کی خواہش کی، تا کہ وہ اس کا مطالعہ کرے، اور سنڈے لکچر سننے کے لیے انٹرنیٹ کا لنک پوچھا۔ میں نے جب فیس بک کا لنک بتایا تو اس کو انھوں نے فورا اپنی ڈائری میں نوٹ کر لیا۔ نیز قرآن کے انگریزی ترجمے کی کچھ نسخے کا بھی مانگے، تا کہ وہ ان کو امریکہ میں ڈسٹری بیوٹ کرے۔ کیونکہ وہاں اس کے انگریزی داں پڑوسی قرآن پڑھنا چاہتے ہیں۔ یہ خاتون انگریزی اور اردو دونوں زبانوں سے واقف ہے، اور دونوں زبانوں کی اچھی طرح گفتگو کر سکتی ہے۔ چنانچہ میں نے اس کو یہ کتابیں دیں: ماہنامہ الرسالہ جون 2019، انگریزی ترجمہ قرآن، دی سیکرس گائڈ، وومن بٹوین اسلام اینڈ ویسٹرن سوسائٹی، صومِ رمضان (اردو)۔ (ام اشہاد، عمر آباد، تامل ناڈو) برصغیر کے بہت سے مرد اور عورتیں مغربی ملکوں میں رہتے ہیں۔ وہاں ان کے پڑوس میں ایسے لوگ رہتے ہیں، جو انگریزی داں ہیں۔ اسی کے ساتھ ان کو اسلام کو جاننے کا شوق ہے۔ اسلام کی تعلیمات اگر ان کے معروف اسلوب میں ان کو دی جائے، تو وہ بہت شوق سے خود بھی پڑھیں گے، اور دوسروں کو بھی پڑھنے کو دیں گے۔ یہ مسلمس ان ڈائسپورا (Muslims in diaspora) کے لیے بہت بڑا دعوتی موقع ہے۔