Al-Risala · August 2021 · page 9

پیش لفظ

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۹

حق کا مسافر مولانا وحید الدین خاں جنوبی افریقہ کے ناول نگار اولیوشریز (1920-1855ء) کی ایک کتاب ہے : ایک افریقی فارم کی کہانی Story of an African Farm اس میں ایک اجنبی مسافر ایک کسان لڑکے کو ایک شکاری کا قصہ بیان کرتا ہے۔ اس شکاری کو سچائی کی خوبصورت سفید چڑیا کی تلاش تھی، جس کی ایک جھلک اس نے ایک جھیل کے کنارے دیکھی تھی۔ اس نے خوش اعتقادی کے پھندے اور تصورات کے پنجرے میں چڑیا کو پکڑنا چاہا مگر اسے معلوم ہوا کہ سچائی کو سچائی ہی کے ذریعہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس نے توہمات کی وادی کو چھوڑ دیا اور سچائی کے پہاڑ پر چڑھنا شروع کر دیا۔ وہ چڑھتا رہا۔ یہاں تک کہ وہ ایک اونچی کھڑی ہوئی چٹان کے سامنے پہنچ گیا۔ اس نے اس چٹان کو کاٹ کاٹ کر سیڑھیاں بنانی شروع کیں۔ سالہا سال تک وہ سیڑھیاں بناتا رہا اور اوپر چڑھتا رہا، یہاں تک کہ بوڑھا ہوتے ہوتے وہ اس کی چوٹی پر پہنچ گیا مگر اب اسے معلوم ہوا کہ اس کے آگے ایک اور چٹان ہے جو اس سے بھی زیادہ اونچی ہے مگر اب اس کی عمر ختم ہو جاتی ہے اور وہ وہیں مر جاتا ہے۔ تاہم مرتے وقت اوپر سے ایک سفید پر آ کر اس کے پاس گرا۔ اب اسے یقین ہو گیا کہ مطلوب چڑیا اس اگلی چٹان پر ہے۔ اگر چہ وہ خود سچائی کی چڑیا تک نہیں پہنچ پاتا۔ مگر وہ اس اطمینان کے ساتھ جان دے دیتا ہے کہ میرے بعد آنے والے کو پچھلی سیڑھیاں نہیں بنانی پڑیں گی۔ وہ پر کو اپنے ہاتھ میں لے لیتا ہے اور یہ کہتے ہوئے مر جاتا ہے:

Where I lie down worn out other men will stand, young and fresh. By the steps that I have cut they will climb... They will mount, and on my work, they will climb, and by my stair!

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page